شادی شدہ سعودی خواتین کو بیرون ملک سفر کے لیے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہو گی

ابشر انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ 21 سال سے کم افراد کو اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 جولائی 2021 13:54

شادی شدہ سعودی خواتین کو بیرون ملک سفر کے لیے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہو گی
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2021ء ) آج کا سعودی عرب پچھلے چند سال پرانے سعودی عرب کے مقابلے میں خاصا بدلا ہوا سعودی عرب ہے۔ پہلے خواتین کو گھروں تک محدود رکھا جاتا تھا انہیں کاروبار اور ملازمت کی اجازت نہیں تھی۔ یہاں تک کہ دوسرے شہر جانے کے لیے بھی ولی کی مرضی لازمی ہوتی تھی۔ اور بیرون ملک جانے پر بھی ان پر کئی پابندیاں عائد تھیں۔

تاہم اب ان پر سے بہت سی پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔ آن لائن پلیٹ فارم ابشر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شادی شدہ سعودی خاتون بیرون ملک سفر کرنا چاہتی ہے تو وہ خاوند کی مرضی کے بغیر بھی ایسا کر سکتی ہے، اس کے لیے اسے ابشر سے اجازت نامے کے اجراء کروانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اجازت نامے کی ضرورت صرف ان سعودی مسافروں کو ہوتی ہے جن کی عمر 21 سال سے کم ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

21 سال اور اس سے زائد عمر کے بالغ افراد بغیر اجازت نامے کے بیرون ملک سفر کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ابشر پلیٹ فارم ایک آن لائن سہولت ہے جہاں پرسعودی شہریوں اور مقیم تارکین کو 2 سو سے زائد خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں محکمہ پاسپورٹ، محکمہ احوال مدنیہ(میونسپلٹی)، محکمہ جیل خانہ جات، محکمہ ٹریفک، محکمہ اسلحہ سمیت متعدد ادارے و محکمے شامل ہیں۔

ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے مملکت میں مقیم تمام افراد کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ انہوں نے اپنے ابشر اکاؤنٹ میں جو موبائل نمبر درج کرایا ہے، وہ بس اپنے اکاؤنٹ تک ہی محدود رکھیں۔ کسی جاننے والے یا ساتھی کارکن کا ابشر اکاؤنٹ بنانے کے دوران اس موبائل نمبر کا استعمال نہ کیا جائے ، ورنہ بڑی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔ ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹ میں رجسٹرڈ اور موثر موبائل نمبر کو جو لوگ کسی اور کے اکاؤنٹ کی رجسٹریشن کے لیے بھی استعمال کریں گے، وہ بڑی مشکل میں گرفتار ہو سکتے ہیں۔

اس خلاف ورزی میں ملوث فرد کا اکاؤنٹ فوری طور پر معطل ہو جائے گا۔ جسے دوبارہ فعال کرانے کے لیے آٹومیٹک سروس مشین کے ذریعے موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرانا ہو گا۔ اس وقت ابشر پلیٹ فارم کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 1 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔محکمہ ٹریفک نے ابشر پلیٹ فارم پر ’رخصة فی جوالک‘ (آپ کا ڈرائیونگ لائسنس آپ کے موبائل میں) کے نام سے جدید ترین سہولت متعارف کرا دی ہے۔

اب تمام ڈرائیورز ٹریفک حکام کو توکلنا ایپ پر اپنا ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس دکھا سکیں گے۔اس سہولت کی وجہ سے کاغذی ڈرائیونگ لائسنس گم جانے کا خدشہ بھی کم ہو گیا ہے۔ ڈرائیورز کے پاس بس اپنا موبائل ہونا لازمی ہوگا جس میں توکلنا ایپ کے ذریعے ٹریفک اہلکاروں کو ای ڈرائیونگ لائسنس دکھایا جا سکے گا۔حکام کے مطابق مختلف سروسز کے لیے توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کی گنتی 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں