’سعودی عرب نے 17 لاکھ پاکستانی تارکین کو کورونا ویکسین لگا دی ہے“

پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے باعث عائد سفری پابندیاں نرم کرنے پر کام کر رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 جولائی 2021 15:41

’سعودی عرب نے 17 لاکھ پاکستانی تارکین کو کورونا ویکسین لگا دی ہے“
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2021ء ) سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ابتداء سے ہی بہترین اور انتہائی خوشگوار برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک اخوت کے عظیم رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔ دونوں ممالک نے ہر معاملے پر ایک دوسرے کے موقف کی کھُل کر حمایت کی ہے ۔ سعودیہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی بھرپور سفارتی اور مالی امداد کی ہے ۔

اسی وجہ سے پاکستان سعودیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان تشریف لائے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے لگنے والی سفری پابندیوں کو نرم کرنے پر کام کر رہے ہیں۔اُردو نیوز کے مطابق منگل کے روز اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ان چیلنجز کے بارے میں بات کی ہے جن کا ہم سب کووڈ 19 کی وجہ سے سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نے اس وبا کا سامنا بہتر طور پر کیا ہے۔خطے کی سکیورٹی اور استحکام کے لیے سعودی عرب اور پاکستان مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سعودی عرب کی معیشت میں حصہ ڈالنے والے پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہم نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے مزید امکانات پیدا کرنے سے متعلق بھی بات چیت کی ہے۔سعودی حکومت نے شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کرنے کے اپنے وعدے کے مطابق وہاں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کے 17 لاکھ افراد کو مفت کورونا ویکسین لگائی ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’یہ میرا اسلام ا?باد کا دوسرا دورہ ہے۔ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے گرم جوش خیر مقدم اور میزبانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں