سعودی عرب نے ممنوعہ ممالک کا سفر کرنے پر سخت کارروائی کا اعلان کر دیا

اگر کوئی شخص ایسے مُلک کا سفر کرتا ہے جہاں کورونا کی وجہ سے آمد و رفت پر پابندی عائد ہے تو اس کے سعودیہ داخلے پر تین سال کی پابندی عائد ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 جولائی 2021 09:59

سعودی عرب نے ممنوعہ ممالک کا سفر کرنے پر سخت کارروائی کا اعلان کر دیا
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی2021ء ) سعودی عرب نے مقامی افراد اور تارکین وطن کو ممنوعہ ممالک کے سفر کے حوالے سے اہم وارننگ جاری کر دی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص ایسے ممالک میں سفر کرتا ہے جس میں کرونا کی وجہ سے آمد و رفت پر پابندی عاید ہے تو ایسے شخص کا تین سال تک سعودی عرب میں داخلہ بند ہو گا۔وزارت داخلہ کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر ممنوعہ ممالک کا سفر کوئی سعودی شہری کرتا ہے تو وطن واپسی پر اسے سخت باز پرس اور جرمانہ کیا جائے گا اور اسے تین سال ملک سے باہر رہنا ہو گا۔

سعودی وزارت داخلہ نے بھی کرونا وائرس میں نئی پیش رفت کے سبب ممنوعہ ممالک کا سفر کرنے کے خلاف انتباہ کی تجدید کی ہے۔وزارت داخلہ کے اعلان کردہ ممنوعہ ممالک میں براہ راست سفر یا کسی دوسرے ملک کے ذریعے ان ممالک کے سفر پر بھی سعودی عرب میں داخلے کے لیے تین سال کی پابندی عاید ہو گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کوئی ایسا ملک جس میں کرونا وبا پر قابو نہیں پایا گیا یا اس ملک میں کرونا کی تبدیل شدہ شکل تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے تو اس ملک کے سفر پر بھی پابندی ہو گی۔

خلاف ورزی کرنے والے کو تین سال کے لیے سعودی عرب میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا۔وزارت داخلہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ وبا سے متاثرہ مقامات سے دور رہیں اور جن خطوں میں وبا کی وجہ سے عدم استحکام موجود ہے وہاں کا سفر نہ کریں۔ اس کے علاوہ اندرون اور بیرون ملک سفر کے دوران کرونا کی روک تھام کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں