سعودیہ میں منشیات پھیلانے کی بڑی کوشش ناکام ہو گئی

عسیر ریجن میں 119 کلوگرام چرس کی کھیپ پکڑ ی گئی جبکہ جازان سے 59 کلو چرس اسمگل کی کوشش ناکام بنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 جولائی 2021 13:47

سعودیہ میں منشیات پھیلانے کی بڑی کوشش ناکام ہو گئی
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی2021ء) سعودی عرب ایک اسلامی ملک ہے جہاں پر شرعی قانون نافذ ہیں۔ اسلامی ملک ہونے کے ناتے یہاں شراب اور منشیات کے استعمال کی بھرپور ممانعت ہے اور ان ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ میں ملو ث افراد کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ پھر بھی بہت سے لوگ دولت کے لالچ میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر منشیات کی اسمگلنگ کے دھندے سے باز نہیں آتے۔

ایسے لوگوں کی کبھی نہ کبھی شامت آ ہی جاتی ہے۔سعودیہ میں ایک ہی روز میں سرحدی علاقوں میں منشیات اسمگلنگ کی دو بڑی کارروائیاں ناکام بنا دی گئی ہیں۔سعودی وزارت داخلہ کے تعلقات عامہ کے انچارج کرنل احمد الطویان نے بتایا ہے کہ عسیر ریجن میں 119 کلوگرام چرس پکڑی گئی ہے جسے سعودیہ کے سرحدی راستے سے مملکت میں منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم مستعد سیکیورٹی اہلکاروں نے منشیات کی یہ بڑی کھیپ پکڑ لی۔

(جاری ہے)

ایسی ہی ایک کارروائی جازان کے سرحدی علاقے میں کی گئی جہاں اسمگلروں سے 59 کلوگرام حشیش برآمد ہوئی۔ منشیات کی مقدار ضبط کرنے کے بعد سعودی اینٹی نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ جبکہ اسمگلرز کو گرفتار کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ کرنل الطویان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز خاص طور پر 24 گھنٹے سرحدی علاقوں میں منشیات سے متعلق سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی نے مختلف کارروائیوں کے دوران 12 لاکھ سے زائد نشہ آور گولیاں اور 297 کلوگرام چرس پکڑ ی گئی تھی۔ پہلی کارروائی میں مشرقی ریجن کے راس تنورہ سیکٹر میں اسمگلروں سے 4 لاکھ 95 ہزارنشہ آور گولیاں پکڑی گئیں۔ دوسری کارروائی میں تبوک ریجن کے حقل سیکٹر میں منشیات اسمگل کرنے والے عناصر کو پکڑ کر ان کے پاس موجود 3لاکھ 24 ہزار نشہ آور گولیاں ضبط کی گئی ہیں۔

ایک اور کارروائی میں الخفجی کے علاقے سے 4 لاکھ 19 ہزار نشہ آور گولیوں کے علاوہ 241 کلوگرام چرس بھی پکڑ ی گئی۔ عسیر ریجن میں بھی سیکیورٹی فورسز نے 56 کلوگرام چرس ضبط کی ہے۔ ان کارروائیوں میں ملوث درجنوں اسمگلرز بھی حراست میں لے لیے گئے ہیں جن میں کچھ سعودی باشندے ہیں اور کچھ کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں