سعودی عرب میں خاتون ڈرائیور کی گاڑی پٹرول اسٹیشن سے جا ٹکرائی

حادثے کے بعد گاڑی اور پٹرول کیبن میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، خاتون اور دیگر افراد بال بال بچ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 جولائی 2021 10:26

سعودی عرب میں خاتون ڈرائیور کی گاڑی پٹرول اسٹیشن سے جا ٹکرائی
 ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2021ء ) سعودی عرب میں جون 2018ء سے خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ کئی دہائیوں تک خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد رہنے کی وجہ سے کچھ خواتین کی ابھی ڈرائیونگ کی وہ پریکٹس نہیں ہے جو ماہر تجربہ کار مرد ڈرائیورز کی ہوتی ہے۔ گزشتہ روز سعودی عرب میں اس وقت خوفناک صورت حال پیدا ہوگئی جب ایک مقامی خاتون کی گاڑی بے قابو ہو کر پٹرول اسٹیشن سے جا ٹکرائی جس کے بعد خاتون کی گاڑی اور پٹرول کیبن میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی تاہم خاتون کو فوری طور پر گاڑی سے نکا ل لیا گیا اور وہاں پٹرول بھروانے کے لیے موجود دیگر گاڑیوں کو بھی پرے ہٹا لیا گیا اور عملے کی جانب سے آگ بجھانے والے آلات کا استعمال بھی کیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی خاتون ’جیمز‘ ماڈل کی گاڑی چلا رہی تھی۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں خاتون کی گاڑی کے پٹرول کیبن سے ٹکرانے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون ڈرائیور کے ایک عزیز کا کہنا تھا کہ خاتون گاڑی چلانے کی ماہر ہے اور ریاض شہر کی رہائشی ہے۔ وہ عید کی تعطیلات منانے الافلاج شہر آئی تھی،جہاں وہ شہزادہ محمد عبدالعزیز شاہراہ پر پٹرول بھروانے کے لیے پٹرول اسٹیشن میں داخل ہوئی تو گاڑی اس کے قابو سے باہر ہو گئی، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مدینہ میں ایک ٹرک نے سگنل پر کھڑی گاڑیوں کو کچل ڈالا تھا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں ایک پاکستانی ڈرائیور بھی شامل تھا۔ ٹرک ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں