سعودیہ میں دہشت گرد تنظیم کے رُکن کا سر قلم کر دیا گیا

سعودی شہری محمد بن ابراہیم الرفاعی نے بینک میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک بھی کیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 11:34

سعودیہ میں دہشت گرد تنظیم کے رُکن کا سر قلم کر دیا گیا
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی2021ء) سعودی عرب میں ایک خطرناک مجرم کا سر قلم کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی شہری محمد بن ابراہیم الرفاعی داعش تنظیم کا رُکن تھا اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ ایک واردات کے دوران اس نے جازان کے ایک بینک میں گھس کراندھا دھند فائرنگ کی تھی اور وہاں موجود افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا۔

اس فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد یحییٰ بن احمد شیبان اور عبداللہ بن عبدہ بن محمدبکر جاں بحق ہو گئے تھے اور دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس واردات کے بعد الرفاعی فرار ہو گیا تھا۔ وہ مملکت میں بدامنی پھیلانے کے ایجنڈے پر کام کر رہا تھا۔ اس مقصد کے لیے اس نے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی ذخیرہ کر رکھا تھا۔ پولیس نے بالآخر اس مفرور دہشت گرد کو پکڑ لیاجس کے بعد اس پر قتل اور مملکت میں انتشار پھیلانے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔

(جاری ہے)

الزامات ثابت ہونے کے بعد اسے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ اعلیٰ عدالتوں سے اپیل مسترد ہونے کے بعد ایوان شاہی نے اس کی سزائے موت کے حتمی احکامات جاری کیے جن پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ روز جمعرات کو اس کا جیل میں سر قلم کر دیا گیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سعودی عرب میں ایک سیکیورٹی اہلکار کو قتل کرنے والے دہشت گرد کا سر قلم کر دیا گیا تھا۔

اس مجرم نھے کچھ عرصہ قبل تبوک شہر میں ایک سیکیورٹی اہلکار عبداللہ بن ناصر الرشیدی پر حملہ کر اسے شہید کر دیا تھا۔ پولیس نے اس ملزم کو گرفتار کیا تو تفتیش کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ اس کا تعلق داعش سے ہے۔ عدالت نے اسے سزائے موت سنائی تھی جس پر عمل کر کے اس کا تبوک شہر میں سر قلم کر دیا گیا۔ اس سے قبل بھی سعودی عرب میں ایک انتہا پسند تنظیم کے جنگجو کو اس کی سفاکانہ سرگرمی پر سزائے موت دی گئی تھی۔

وزارت داخلہ کے مطابق یہ واقعہ جدہ کے ایک پٹرول پمپ پر پیش آیا تھا جہاں ایک سیکیورٹی اہلکار ھادی بن مسفر القحطانی کو قتل کر دیا تھا۔یہ واقعہ 23 شوال کو پیش آیا تھا۔سیکیورٹی اہلکار پٹرول پمپ پر اکیلا ہی نماز میں مصروف تھا۔ مصر سے تعلق رکھنے والے داعشی جنگجو نے اسے عبادت کے دوران ہی چاقو کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا تھا۔ اس کارروائی کے بعد مصری جنگجو جائے وقوعہ سے بھاگ گیا تھا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے تعاقب کر کے اسے گرفتار کر لیا تھا۔مجرم نے عدالت کے روبرو قتل کا اعتراف کرنے کے علاوہ داعش کے خیالات سے متاثر ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں