سعودی عرب میں اگست میں بارشیں ہی بارشیں ہوں گی

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ماہ سے مکہ، باحہ، جازان، نجران اور عسیر میں ریکارڈ بارشیں ہوں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 12:26

سعودی عرب میں اگست میں بارشیں ہی بارشیں ہوں گی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2021ء ) سعودی عرب میں اس بار خوب بارشیں ہو رہی ہیں، تاہم گرمی بھی خوب پڑ رہی ہے۔ اگست کا مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ گرمی کے ستائے ہوئے افراد کو محکمہ موسمیات نے خوش خبری دی ہے کہ اس بار اگست کے مہینے میں سعودیہ میں ریکارڈ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ خصوصا پانچ علاقوں مکہ مکرمہ، جازان، باحہ، نجران اور عسیر میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی جس کی وجہ سے یہاں پر اگلے مہینے گرمی کی شدت میں کمی ہو جائے گی۔

خصوصاً ان علاقوں کے پہاڑی مقامات موسلادھار بارش کی زد میں رہیں گے۔ تاہم کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں پر اگست کے مہینے میں انتہا کی گرمی ہو گی۔ الجوف، القصیم اور شمالی ریجن میں معمول کے مقابلے میں ڈیڑھ درجہ سینٹی گریڈ زیادہ گرمی پڑے گی۔

(جاری ہے)

آج جمعہ کے روز بھی مکہ کے پہاڑی علاقوں سمیت جازان، عسیر اور باحہ میں پہلے گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور پھر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔

خصوصاً مکہ اور مدینہ کے کچھ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے سے حدِ نگاہ محدود ہو سکتی ہے سب سے زیادہ گرمی الاحساء میں ہو گی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا جبکہ سب سے ٹھنڈا موسم آج السودة میں ہوگا جہاں درجہ حرارت 13 سینٹی گریڈ تک محدود رہے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سعودیہ کے کچھ علاقوں میں اتنی زیادہ بارشیں ہوئیں کہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ ایک افسوس ناک واقعے کے دوران اس وقت ایک سعودی شہری اور اس کی دو بیٹیوں کی موت ہو گئی جب وہ گاڑی پر وادی عبور کر رہے تھے کہ اچانک پانی کا ایک تیز ریلا ان کی گاڑی کو بہا کر لے گیاتھا۔ سعودی محکمہ دفاع نے وارننگ جاری کی ہے کہ بارش سے متاثرہ نشیبی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کیا جائے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں