سعودی عرب کے تجارتی جہاز کو تخریب کاری کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام

سعودی افواج نے بحیرہ احمر میں جہاز کو تباہ کرنے کے لیے بھیجے گئے ڈرون حملے کو تباہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 31 جولائی 2021 09:32

سعودی عرب کے تجارتی جہاز کو تخریب کاری کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31جولائی2021ء ) سعودی عرب پر گزشتہ چند ہفتوں سے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔گزشتہ کئی روز سے حوثیوں کی جانب سے تقریباً روزانہ سعودی مملکت پر ڈرونز، گولے اورمیزائل داغے جا رہے ہیں۔ خوش قسمتی سے زیادہ تر حملوں کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا جاتا ہے۔

اب ایک بار پھر عرب فوجی اتحاد نے بہترین کارکردگی اور مستعدی دکھاتے ہوئے سعودی عرب کے ایک تجارتی جہاز ممکنہ تباہی سے بچا لیا ہے۔ عرب فوجی اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یمن کی حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر کے جنوب میں ایک تجارتی جہاز کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم مستعداتحادی افواج نے اس بارود بردار طیارے کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی مارا گرایا ہے۔

(جاری ہے)

عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے بحیرہ احمر میں عالمی تجارات اور جہاز رانی کی سرگرمیوں کو مسلسل نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ابھی تک انہیں ناکامی کا مزہ چکھنا پڑا ہے۔واضح رہے کہ چار روز قبل بھی یمن کی حوثی ملیشیا نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے جازان کے علاقے میں ایک ہی روز میں 4 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا اور 2 بارود بردار ڈرونز بھی بھیجے گئے تھے تاہم مستعد سعودی فضائیہ نے ان تباہی پھیلانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو راستے میں ہی تباہ کر دیا۔

اگر یہ ہدف پر پہنچ جاتے تو بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ایک ہی رات میں جنوبی سعودی عرب پر حوثیوں کے چھ حملے ناکام بنائے گئے تھے۔ عرب اتحاد نے بیان میں کہا کہ ’حوثی ملیشیا دانستہ طور پر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق عام شہریوں کو خطرے سے بچانے کے لیے تمام عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

چند روز قبل یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودیہ یمن سرحد کے قریب ایک گاوٴں کی آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔ اس مقصد کے لیے جازان کے سرحدی گاوٴں پر پانچ گولے (پروجیکٹائل) داغے گئے جو کہ خوش قسمتی سے آبادی سے کچھ میٹر دْور ایک سڑک کے آس پاس آ گرے، جہاں اس وقت کوئی ٹریفک نہیں گزر رہی تھی، ورنہ جانی نقصان کا المیہ پیش آ سکتا تھا۔جازان کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان مھند زیلعی نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ گاؤں کی ایک بڑی سڑک کے قریب پانچ گولے دکھائی دیئے ہیں۔شہری دفاع کے عملے نے فوراً پہنچ کر دیکھا تو یہ پروجیکٹائل تھے۔ جو خوش قسمتی سے آبادی سے خالی زمین پر آ گرے تھے، جس کی وجہ سے کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں