سعودی عرب؛ 17 ارب ریال کی منی لانڈرنگ میں ملوث 24 رکنی گینگ انجام کو پہنچ گیا

بعض کو 20 سال تک قید کی سزا اور 75 ملین ریال سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں ، ملزمان کے قبضے اور جائے وقوعہ سے ضبط کی گئی اربوں ریال کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 14 ستمبر 2021 12:42

سعودی عرب؛ 17 ارب ریال کی منی لانڈرنگ میں ملوث 24 رکنی گینگ انجام کو پہنچ گیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب میں 17 ارب ریال کی منی لانڈرنگ میں ملوث 24 رکنی گینگ انجام کو پہنچ گیا ، گینگ نے اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے فیکٹریوں ، فرموں ، میڈیکل کلینک اور دیگر ذرائع کو جواز بنا کر منی لانڈرنگ کی جب کہ بعض ملزمان نے رشوت لے کرمنی لانڈرنگ کے جرائم میں مرکزی ملزمان کے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی ایک عدالت نے 17 ارب ریال کی منی لانڈرنگ میں ملوث مقامی اور غیرملکی عناصر پر مشتمل 24 رکنی گینگ کو قید اور بھاری جرمانوں کی سزائیں سنادیں ، ملزمان میں سے بعض کو 20 سال تک قید کی سزا سنائی گئی ہے ، عدالتی فیصلے کی روشنی میں ملزمان کے قبضے اور جائے وقوعہ سے ضبط کی گئی اربوں ریال کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اس کیس میں سزا یافتہ شہریوں کو ان کی سزاؤں کے برابر سفر کرنے سے روکا جائے ، غیر سعودیوں کو ان کی سزا ختم ہونے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے ، عدالتی فیصلے میں ملزمان کو مجموعی طورپر 75 ملین ریال سے زائد کے مختلف جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ دُنیا بھر میں منی لانڈرنگ کا دھندا زوروں پر ہے ، جہاں منی لانڈرنگ کے لیے بہت انوکھے طریقے سامنے آتے ہیں ، اگرچہ ان میں سے کچھ طریقوں سے کامیاب طریقے سے منی لانڈرنگ ہوتی رہتی ہے، پر کبھی نہ کبھی اس ہوشیاری کا بھانڈا پھوٹ ہی جاتا ہے سعودی حکومت کی جانب سے منی لانڈرنگ پر قابو پانے کے لیے جہاں موثر قوانین بنانے گئے ہیں وہیں خصوصی میکنزم بھی تیار کیا گیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں کے دوران خاص طور پر منی لانڈرنگ میں ملوث سینکڑوں افراد پکڑے جا چکے ہیں ، جن کی غیر قانونی سرگرمیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں