مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی سے متعلق وضاحت جاری

فرض نمازیں ادا کرنے کے لیے اجازت نامہ ضروری نہیں بلکہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 ستمبر 2021 14:15

مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی سے متعلق وضاحت جاری
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 ستمبر 2021ء ) مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی سے متعلق وضاحت جاری کردی گئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی میں فرض نمازیں ادا کرنے کے لیے اجازت نامہ ضروری نہیں ہے بلکہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی ہے جب کہ سلام پیش کرنے اور روضہ شریف میں نماز ادا کرنے کے لیے پہلے کی طرح اب بھی اجازت نامہ ضروری ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق ایسے زائرین کو مسجد نبوی میں نماز کی اجازت ہوتی ہے جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہوں یا کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہوں یا پھر انہیں کورونا کی پہلی خوراک لگوائے 14 دن گزر چکے ہوں ، ایسے لوگوں سے الگ سے اجازت نامہ طلب نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں توکلنا ایپ پر سٹیٹس دکھانے کے لیے کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سعودی عرب نے بغیر اجازت عمرہ کرنے کی کوشش پر 10 ہزار ریال جرمانے کا فیصلہ کیا ہے ، سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر بغیر اجازت عمرہ ادا کرنے کی کوشش پر 10 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا ، اس کے علاوہ بغیر اجازت مسجدالحرام میں نماز کے لیے داخلے کی کوشش پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

اسی حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمرہ اجازت نامہ ہر 15 دن پر جاری کرایا جا سکتا ہے تاہم مسجد نبوی میں روضہ شریفہ کا اجازت نامہ ایک ماہ کے بعد ہی جاری ہوگا کیوں کہ 15 دن سے قبل عمرہ یا مسجد الحرام میں نماز اور ایک ماہ سے قبل روضہ شریف میں نماز یا مسجد نبوی کی زیارت کا اجازت نامہ جاری نہیں ہو سکتا جب کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے ایک وقت میں ایک سے زیادہ اجازت نامے جاری نہیں ہوتے ، ایک عمرہ کے لیے ایک اجازت نامے سے دوسرے اجازت نامے کے درمیان 15 دن کا وقفہ لازمی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں