سعودی عرب پر ایک اور حوثی حملہ ناکام، 4 بارودی ڈرون طیارے فضاء میں تباہ

ڈرون طیارے مملکت کے صوبے جازان میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجے گئے ، حوثی باغیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل بھی تباہ کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 17 ستمبر 2021 16:36

سعودی عرب پر ایک اور حوثی حملہ ناکام، 4 بارودی ڈرون طیارے فضاء میں تباہ
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب نے ایک اور حوثی حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 بارودی ڈرون طیارے فضاء میں تباہ کردیے ، حوثی باغیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل بھی تباہ کر دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی افواج نے جمعے کے روز علی الصبح حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجے گئے 4 بارودی ڈرون طیاروں کو فضا میں تباہ کیا ، یہ ڈرون طیارے مملکت کے صوبے جازان میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجے گئے اس دوران حوثیوں کی جانب سے داغا جانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی تباہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل حوثی باغیوں نے ایک بار پھر ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا ، ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو اتحادی افواج نے ناکام بنایا ، اس کے حوالے سے ترجمان اتحادی افواج نے بتایا کہ حوثی ملیشیاء کی جانب سے بدھ کے روز ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، جس کی رڈار پر اطلاع ملتے ہی سعودی فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کی اور دھماکہ خیز مواد سے لیس حوثی ڈرون مار گرایا ، حوثی ڈرون کو فضاء میں مار گرانے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے بھی سعودی عرب پر حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 3 بمبار ڈرون طیارے تباہ کیے گئے ، اس وقت حوثی ملیشیاء کی طرف سے سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط پر کیے گئے ڈرون حملے پسپا کرتے ہوئے تینوں بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کردیا گیا ، اس حوالے سے جمعرات کے روز سعودی عرب کے محکمہ دفاع نے حوثی ملیشیاء کے خمیس پر حملے کے دوران ایک ڈرون طیارے کو تباہ کرنے کی تصدیق کی جب کہ عرب اتحادی فوج کی جانب سے 2 بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کیا گیا ، یہ تمام ڈرون طیارے خمیس مشیط پرحملے کے لیے بھیجے گئے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں