سعودی ولی عہد، امیر قطر اور یو اے ای کے مشیر کی خوشگوار ملاقات کی تصویر وائرل

سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی تصویر ایک سعودی ذمے دار کی جانب سے جاری کی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 ستمبر 2021 12:31

سعودی ولی عہد، امیر قطر اور یو اے ای کے مشیر کی خوشگوار ملاقات کی تصویر وائرل
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 ستمبر 2021ء ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد اور متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید کی بحیرہ احمر میں دوستانہ ماحول میں ہونے والی ملاقات کی تصویر وائرل ہوگئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی یہ تصویر ایک سعودی ذمے دار کی جانب سے جاری کی گئی ہے ، جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد اور متحدہ عرب امارات کی قومی سلامتی کے مشیر طحنون بن زائد کو خوش گوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

 
 
بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تصویر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نجی دفتر کے ڈائریکٹر بدر عساکر نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ، جس میں تینوں شخصیات کو موسم گرما میں سمندر کے کنارے پہنے جانے والے عام لباس میں مسکراتے نظر آ رہے ہیں ، تصویر کے ساتھ ایک تحریر بھی لکھی گئی ہے جس میں بیان کیا گیا ہے کہ کا ’بحر احمر پر دوستی اور اخوت پر مبنی ایک ملاقات‘ تاہم اس ملاقات کی تاریخ اور دیگر تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تین سال سے جاری تنازعاتی صورت حال کا خاتمہ رواں برس کے اوائل میں ہوا جس کے بعد ریاض حکومت نے قطر پر عائد فضائی اور زمینی پابندیوں کو ختم کر دیا ، یہ اہم پیشرفت اکتالیسویں سالانہ خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے شمال مغربی شہر العُلا میں پانچ جنوری کو ہوئی ، اس اجلاس میں خلیجی ریاستوں میں پائی جانے والی تنازعاتی صورتِ حال کو پرامن انداز میں مصالحتی فضا میں مذاکرات کی میز پر حل کر لیا گیا ، العُلا شہر میں گلف سمٹ میں طے پانے والے معاہدے کا نام بھی یہی رکھا گیا۔

سعودی عرب اور قطر کے درمیان تنازعاتی معاملات کے حل ہونے کے بعد سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان نے کہا کہ اب خلیجی ریاستوں میں استحکام اور یک جہتی کے دور کی شروعات ہو گی ، تنازعاتی دور کی کوششوں نے ہی العلا معاہدے کی راہ کو ہموار کیا اور اب خلیج ، عرب اور اسلامی یک جہتی اور استحکام کو فروغ حاصل ہو گا ، سعودی ولی عہد نے تنازعے کے دوران مصالحت کے لیے امریکی اور کویتی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں