حوثی باغیوں کا ایک اور حملہ ناکام، 2 بارود سے بھری کشتیاں تباہ

عرب فوجی اتحاد نے الصلیف میں حوثی ملیشیا کے حملے کی کوشش قبل از وقت کارروائی کر کے ناکام بنادی

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 ستمبر 2021 11:09

حوثی باغیوں کا ایک اور حملہ ناکام، 2 بارود سے بھری کشتیاں تباہ
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) عرب فوجی اتحاد نے حوثی باغیوں کا ایک اور حملہ ناکام بناتے ہوئے بارود سے بھری 2 کشتیاں تباہ کردیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں عرب فوجی اتحاد نے الصلیف میں حوثی ملیشیاء کی جانب سے حملے کی کوشش قبل از وقت کارروائی کر کے ناکام بنادی ، اس دوران 2 بارود بردار کشتیوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔

اس حوالے سے ایک بیان میں ترجمان عرب اتحاد نے کہا کہ حوثی باغی آبنائے باب مندب اور بحیرہ احمر کے جنوب میں عالمی تجارت اور جہاز رانی کے لیے مسلسل خطرات پیدا کر رہے ہیں ، اسی مقصد کے لیے ان کی جانب سے ایک اور حملے کا منصوبہ بنایا گیا جس کو ناکام بنادیا گیا۔ یاد رہے کہ 16 ستمبر کو بھیسعودی عرب نے حوثی حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 بارودی ڈرون طیارے فضاء میں تباہ کردیے ، حوثی باغیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل بھی تباہ کر دیا گیا ، سعودی عرب کی افواج نے جمعے کے روز علی الصبح حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجے گئے 4 بارودی ڈرون طیاروں کو فضا میں تباہ کیا ، یہ ڈرون طیارے مملکت کے صوبے جازان میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجے گئے اس دوران حوثیوں کی جانب سے داغا جانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی تباہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

جب کہ اس سے صرف 2 روز قبل حوثی باغیوں نے ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اس کو بھی ناکام بنادیا گیا ، ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو اتحادی افواج نے ناکام بنایا ، اس کے حوالے سے ترجمان اتحادی افواج نے بتایا کہ حوثی ملیشیاء کی جانب سے بدھ کے روز ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ، جس کی رڈار پر اطلاع ملتے ہی سعودی فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کی اور دھماکہ خیز مواد سے لیس حوثی ڈرون مار گرایا ، حوثی ڈرون کو فضاء میں مار گرانے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے پہلے بھی سعودی عرب پر حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 3 بمبار ڈرون طیارے تباہ کیے گئے ، اس وقت حوثی ملیشیاء کی طرف سے سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط پر کیے گئے ڈرون حملے پسپا کرتے ہوئے تینوں بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کردیا گیا ، اس حوالے سے جمعرات کے روز سعودی عرب کے محکمہ دفاع نے حوثی ملیشیاء کے خمیس پر حملے کے دوران ایک ڈرون طیارے کو تباہ کرنے کی تصدیق کی جب کہ عرب اتحادی فوج کی جانب سے 2 بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کیا گیا ، یہ تمام ڈرون طیارے خمیس مشیط پرحملے کے لیے بھیجے گئے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں