سعودیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلموں کی پیشہ ورانہ سوسائٹی قائم کردی گئی

یہ سوسائٹی ایک پیشہ ورانہ ادارہ ہے جس کے سائے تلے اس میدان کے پیشہ ور افراد اکٹھا ہوں گے اور یہ لوگ فلم سازی کے حوالے سے آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ چیئرمین پروفیشنل فلم سوسائٹی مینجمنٹ بورڈ

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اکتوبر 2021 11:58

سعودیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلموں کی پیشہ ورانہ سوسائٹی قائم کردی گئی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 18 اکتوبر 2021 ) سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلموں کی پیشہ ورانہ سوسائٹی قائم کردی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق مملکت کی پہلی فلموں کی پیشہ ورانہ سوسائٹی کے قیام کا یہ اقدام 'ثقافتی پیشہ ورانہ سوسائٹیز کی تاسیس" کے منصوبے کے تحت عمل میں لایا گیا ہے کیوں کہ سعودی وزارت ثقافت نے اپنی نئی حکمت عملی کے نتیجے میں 13 ثقافتی سیکٹروں میں 16 پروفیشنل سوسائٹیز کے قیام کا ہدف مقرر کیا ہے۔

اس حوالے سے پروفیشنل فلم سوسائٹی کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین مشعل المطیری نے کہا ہے کہ یہ سوسائٹی ایک پیشہ ورانہ ادارہ ہے جس کے سائے تلے اس میدان کے پیشہ ور افراد اکٹھا ہوں گے اور یہ لوگ فلم سازی کے حوالے سے آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں گے ، فلم سوسائٹی کی خاصیت یہ ہے کہ یہ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کی واحد پروفیشنل سوسائٹی ہے جو اس سیکٹر میں پیشہ ور افراد کی رکنیت کے لیے مختص ہے ، اس کے برعکس دیگر سینیما سوسائٹیز کی رکنیت ہر خاص و عام کے لیے دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب کئی دہائیوں تک مغربی ممالک کی نظر میں ایک قدامت پرست مملکت کے طورپر مشہور رہا ہے تاہم مملکت کے موجودہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ تین سالوں کے دوران سعودی عرب کا امیج خاصی حد تک بدل ڈالاہے ، یہاں اب فلموں کی نمائش کے علاوہ کانسرٹس اور بین الاقوامی فلم میلے منعقد ہو رہے ہیں ، سینما گھر کھول دیئے ہیں اور کئی تفریحی سرگرمیاں بھی زور و شور سے جاری ہیں ، گزشتہ سال مدینہ ریجن کے علاقے العُلا میں ایک مشہور امریکی فیشن میگزین کی جانب سے خواتین ماڈلز کا فوٹو شوٹ بھی کیا گیا تھا جس پر سعودیہ کے روایت پرست طبقے نے اعتراض بھی کیا تھا۔

بعد ازاں ایک نئی امریکی فلمCherry کی عکس بندی کا کچھ حصہ سعودی عرب کے ضلع العْلا اور دارالحکومت ریاض میں فلمایا گیا، یہ مملکت میں ہالی ووڈ کی کسی فلم کی عکس بندی کا پہلا تجربہ تھا۔ العْلا رائل کمیشن کے زیر انتظام "العْلا فلم" مینجمنٹ کی جانب سے العْلا ضلع میں مزید سعودی اور بین الاقوامی فلموں کی عکس بندی کی ترغیب دی جا رہی ہے ، اس سلسلے میں فلم پروڈکشن کے واسطے مطلوب تمام سہولیات اور لوجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں