وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے خصوصی نمائندے جان کیری کی ملاقات

پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق، ترقی پذیرممالک میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ٹیکنالوجی کا اشتراک جاری رکھنا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 اکتوبر 2021 18:58

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے خصوصی نمائندے جان کیری کی ملاقات
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان سے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے جان کیری نے مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹوسمٹ کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی، ملاقات ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجزاور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کا اشتراک جاری رکھنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے جان کیری نے ملاقات کی، ملاقات مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹوسمٹ کی سائیڈ لائن پر ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجزسے متعلق نقطہ نظرسے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات اور 10 بلین ٹری سونامی منصوبے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ’’یو ایس پاکستان کلائمیٹ اینڈ انوائرمنٹ ورکنگ گروپ‘‘ کے اجلاس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کیخلاف عالمی سطح پر زور دینے کی ضرورت ہے، ترقی پذیرممالک میں موسمیاتی تخفیف کیلئے سرمایہ کاری کی حمایت کی جانی چاہیے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ٹیکنالوجی کا اشتراک جاری رکھنا چاہیے۔

اس موقع پر امریکی خصوصی نمائندے جان کیری نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی۔ جان کیری نے کہا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہتر تعلقات ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات لازوال ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں استحکام کی وجہ عوامی تعلقات ہیں، سعودی عرب سے ثقافتی اور مذہبی سطح پر گہرے تعلقات ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، قومی ایئرلائن پی آئی اے اس وقت کی بہترین ایئرلائن تھی، پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع ہیں، پاکستان کی اکثریتی آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، پاکستان میں سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دے رہے ہیں۔ سعودی سرمایہ کار دستیاب مواقع سے استفادہ کریں۔

سعودی سرمایہ کارراوی اربن سٹی اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کیلئے پاکستان پرعزم ہے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان ہمیشہ اپنے مخلص دوستوں کو یاد رکھتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کل رات پاکستان نے بھارت کو میچ میں بری طرح پچھاڑ دیا، یہ مناسب وقت نہیں ہے میچ پر بات کرنے کا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں