سعودیہ کے علاقے جازان سے بھاری مقدار میں چرس پکڑی گئی‘ 2 ملزمان گرفتار

پولیس نے شک کی بنیاد پر ایک گاڑی کو روکا، تلاشی کے دوران گاڑی کے خفیہ خانوں سے 70 کلو چرس برآمد ہوئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 نومبر 2021 16:54

سعودیہ کے علاقے جازان سے بھاری مقدار میں چرس پکڑی گئی‘ 2 ملزمان گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 نومبر 2021ء ) سعودیہ کے علاقے جازان سے بھاری مقدار میں چرس پکڑی گئی‘ پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جازان پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے 70 کلو چرس برآمد ہوئی ، جب کہ گرفتار کیے گئے ملزمان میں سے ایک سعودی شہری ہے اور دوسرے ملزم کا تعلق یمن سے بتایا گیا ہے ، ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتار کیے گئے ملزمان کو چرس سمیت ادارہ انسداد منشیات کے حوالے کردیا گیا۔

اس ضمن میں جازان ریجن پولیس نے کہا ہے کہ العیدابی کمشنری پولیس نے شک کی بنیاد پر ایک گاڑی کو روکا ، مذکورہ گاڑی کی تلاشی لی گئی تو اس کے خفیہ خانوں سے چرس برآمد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں جرم کا اعتراف کرلیا اور کہا کہ وہ جازان میں چرس سپلائی کرنے کا کام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی فورسز نے گزشتہ ماہ بھی ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 من چرس کی اسمگلنگ ناکام بنادی تھی ، مختلف گینگز میں ملوث 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان میں 17 مقامی اور 9 غیرملکی شامل ہیں ، سعودیہ کی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ترجمان کرنل مسفر القرینی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انسداد جرائم اور انسداد منشیات پولیس نے دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر بیرون ملک سے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنائی ، اس دوران 161 کلو گرام چرس اور 26 اعشاریہ 3 ٹن قات قبضے میں لی گئی ، مذکورہ منشیات جازان ، نجران اور عسیر کے علاقوں میں زمینی پٹرولنگ کے دوران قبضے میں لی گئیں۔

کرنل مسفر القرینی کے مطابق اس کارروائی کے دوران منشیات اسمگلنگ کے مختلف گینگز میں ملوث 26 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، جن میں 17 مقامی اور 9 غیر ملکی ہیں ، غیرملکیوں میں 6 کا تعلق ایتھپوپیا اور 3 کا یمن سے ہے ، گرفتاری کے بعد ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں