سعودی عرب نے تیل کے بعد گیس میں خود کفیل ہونے کا منصوبہ بنالیا

آرامکو یومیہ دو ارب مکعب فٹ گیس تیار کرے گی‘ سعودی عرب 2030 تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 نومبر 2021 11:08

سعودی عرب نے تیل کے بعد گیس میں خود کفیل ہونے کا منصوبہ بنالیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2021ء ) سعودی عرب نے تیل کے بعد گیس میں خود کفیل ہونے کا منصوبہ بنالیا ‘ آرامکو یومیہ دو ارب مکعب فٹ گیس تیار کرے گی‘ سعودیہ 2030 تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی تیل کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے مملکت میں گیس کی پیداوار میں غیر معمولی توسیع کے پروگرام شروع کر دیے ہیں ، ان ہی منصوبوں میں سے ایک الجافورہ سے قدرتی گیس کی پیداوار 2024 کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، الجافورہ فیلڈ کو سعودی عرب میں غیر روایتی گیس کی سب سے بڑی فیلڈ کہا جارہا ہے جو کہ 170 کلومیٹر طویل ہے اور اس کا عرض 100 کلومیٹر ہے جب کہ فیلڈ میں گیس کے ذخائر 200 ٹریلین مکعب فٹ سے زیادہ ہیں ۔

(جاری ہے)

العربیہ سے گفتگو میں آرامکو کے صدر اور سی ای او امین ناصر نے کہا کہ کمپنی نے جافورا آئل اینڈ گیس فیلڈ کی ترقی کے لیے 10 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں ، جافورا فیلڈ کی ترقی کے پہلے مرحلے کی لاگت 24 ارب ڈالر ہے ، جب کہ فیلڈ کو تیار کرنے کے دوسرے مرحلے کی لاگت 44 ارب امریکی ڈالرتک پہنچ سکتی ہے ، اس فیلڈ کی ڈویلپمنٹ کے منصوبے سے روزگار کے 2 لاکھ بالواسطہ یا براہ راست مواقع پیدا ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ الجافورا مملکت کا سب سے بڑا غیر وابستہ گیس فیلڈ ہے اور اس کے ذخائر کا تخمینہ 200 ٹریلین کیوبک فٹ خام گیس ہے ، آرامکو 2030 تک الجافورہ فیلڈ سے روزانہ دو ارب مکعب فٹ گیس نکالے گی جس کی مدد سے وہ اس عشرے کے اختتام تک قدرتی گیس پیدا کرنے والی دنیا کی تیسری بڑی کمپنی بن جائے گی جب کہ 2036 تک گیس کی فروخت کی پیداوار تقریباً 2.2 بلین مکعب فٹ تک پہنچ جائے گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں