حوثی باغیوں کا حملہ ناکام‘ عرب اتحاد نے ڈرون مار گرایا‘ بارودی کشتی بھی تباہ کردی

ڈرون یمن کی امران گورنریٹ میں گرایا گیا ، حوثی فضائی دفاع نے ایئرپورٹ سے ڈرون کے پرزے اکھٹے کیے‘ عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں باردو سے بھری ایک کشتی کو بھی تباہ کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 دسمبر 2021 16:40

حوثی باغیوں کا حملہ ناکام‘ عرب اتحاد نے ڈرون مار گرایا‘ بارودی کشتی بھی تباہ کردی
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2021ء ) عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے سعودیہ کی جانب داغا گیا ڈرون مار گرایا ‘ ایک بارودی کشتی بھی تباہ کردی ۔ سعودی پریس ایجنسی سے معلوم ہوا ہے کہ عرب اتحاد کی جانب سے گرایا گیا دھماکہ خیز ڈرون صنعا ایئرپورٹ کی طرف سے داغا گیا تھا جس کو یمن کی امران گورنریٹ میں گرادیا گیا ، حوثی فضائی دفاع نے ایئرپورٹ سے ڈرون کے پرزے اکھٹے کیے ، جب کہ عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کے یونٹس پر حملہ کرکے وہاں سے اسلحہ منتقل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنادی ، علاوہ ازیں عرب اتحاد نے بحیرہ احمر میں باردو سے بھری ایک کشتی کو بھی تباہ کیا ، یہ کشتی الحدیدہ کی گورنریٹ سے روانہ ہوئی تھی۔

چند روز قبل سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودیہ کے ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنادی تھی ، عرب فوجی اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملے کی کوشش کی گئی جس کو سعودی ایئر ڈیفنس کی مدد سے ناکام بنادیا گیا اور ڈرون کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں روک کر تباہ کردیا۔

(جاری ہے)

ترجمان عرب اتحاد نے بتایا کہ ڈرون تباہ ہونے سے اس کے ٹکڑے العریسہ کے رہائشی علاقے میں گرے تاہم اس سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، حوثی باغیوں کے جس ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کیا گیا اس کو یمن کے صنعا ایئر پورٹ سے فائر کیا گیا تھا لیکن حوثیوں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ان کے عزائم کو خاک میں ملادیا گیا ۔ اس سے پہلےعرب اتحاد نے سعودی عرب کے صوبے جازان کی سمت داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیا ، عرب اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حوالے سے مشکوک سرگرمیوں اور نقل و وحرکت کی اطلاعات موصول ہوئیں ، جن کے مطابق صنعاء کا ہوائی اڈہ سرحد پار امن دشمن کارروائی کے لیے ایک عسکری بیرک میں تبدیل ہوچکا ہے ۔

عرب اتحاد نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران مارب اور الجوف صوبوں میں حوثی ملیشیاء کو نشانہ بنانے کے لیے 35 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں ، جن کے نتیجے میں حوثی باغیوں کی 24 عسکری گاڑیوں کو تباہ کیا گیا ، اس دوران حوثی باغیوں کو 200 افراد کا جانی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں