اومی کرون کا خطرہ ، سعودی عرب نے شہریوں اور غیرملکیوں پر ایک اور پابندی لگادی

یکم فروری سے بوسٹر ڈوز لگوائے بغیر 18 برس اوراس سے زیادہ عمر کے کسی شہری اورغیر ملکی کو تجارتی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سعودی وزارت تجارت

Sajid Ali ساجد علی بدھ 8 دسمبر 2021 10:34

اومی کرون کا خطرہ ، سعودی عرب نے شہریوں اور غیرملکیوں پر ایک اور پابندی لگادی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 دسمبر 2021ء ) کورونا وائرس کی نئی اور مہلک قسم اومی کرون کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے شہریوں اور غیرملکیوں پر ایک اور پابندی لگادی ‘ بوسٹر ڈوز لگوائے بغیر 18 برس اوراس سے زیادہ عمر کے کسی شہری اورغیر ملکی کو تجارتی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ آئندہ برس یکم فروری سے تجارتی مراکز میں شاپنگ کی غرض سے داخلے کے لیے بوسٹر ڈوز لگوانا لازمی ہوگی ، ایسا کوئی بھی شہری یا غیرملکی جس کی عمر 18 برس یا اس سے زیادہ لیکن اس نے بوسٹر ڈوز نہ لگوائی ہو تو اسے تجارتی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک بیان میں وزارت تجارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لینے والے ایسے تمام افراد پر بوسٹر ڈوز لینے کی پابندی لاگو ہوگی جنہیں دوسری خوراک لیے 8 ماہ یا اس سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم اس پابندی سے توکلنا ایپ پر پہلے سے ویکسین سے استثنیٰ قرار دیے گئے زمروں کو اب بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مملکت میں اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی نمازیوں نے مساجد میں ماسک پہننے کی تاکید کی ہے ، سعودی حکام نے نمازیوں کو مساجد کے اندر ماسک پہننے کی ضرورت کا اعادہ کیا ہے تاکہ اومی کرون میوٹیشن کے ظہور کے بعد کورونا وائرس اور اس کی مختلف اقسام کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ، یہ رہنمائی سعودی عرب میں کوویڈ 19 کے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کرنے کی انچارج کمیٹی کے وزیر صحت فہد الجلاجی کی زیر صدارت 283 ویں اجلاس کے چند دن بعد سامنے آئی۔

اس ضمن میں سعودی وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ نمازیوں کو مساجد میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، جیسے کہ چہرے پر ماسک پہننا اور نماز کے دوران دوسرے نمازیوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا ، اس سلسلے میں امام حضرات اور مبلغین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاشرے کو صحت عامہ کو برقرار رکھنے اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں۔

ادھر مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں احتیاطی تدابیر سخت کرنے کی ہدایت کردی گئی ، سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نئی خطرناک قسم اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، اس ضمن میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ زائرین کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات شامل ہے ، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں حفظان صحت کے سخت انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں