سعودی عرب نے ’عمرہ مضیف‘ کے نام سے جاری کیا جانے والا ویزا منسوخ کردیا

اگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت ہوئی تو اپنے سرکاری چینلز کے ذریعے اعلان کریں گے ، سعودی وزارت حج و عمرہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 فروری 2022 10:58

سعودی عرب نے ’عمرہ مضیف‘ کے نام سے جاری کیا جانے والا ویزا منسوخ کردیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2022ء ) سعودی عرب نے ’عمرہ مضیف‘ کے نام سے جاری کیا جانے والا ویزا منسوخ کردیا ۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے عمرہ مضیف ویزا منسوخ کر دیا ہے ، اگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت ہوئی تو وہ اپنے سرکاری چینلز کے ذریعے اعلان کریں گے ، وزارت کی طرف سے ویزا کی منسوخی کا اعلان اس حوالے سے لوگوں کے استفسارات کے جواب میں کیا گیا ۔

وزارت حج و عمرہ نے پہلے کہا تھا کہ عمرہ مضیف ویزا ان معیارات اور تقاضوں سے مشروط ہے جو اسے منظم کرتے ہیں ، وزارت نے تصدیق کی کہ اسے نافذ نہیں کیا جائے گا اور اس کے فعال ہونے کا کوئی خاص وقت نہیں ہے ، اس کے علاوہ ابشر پلیٹ فارم نے تصدیق کی کہ پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ مضیف ویزا جاری کرنا ممکن نہیں ہے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر وزارت حج و عمرہ سے رابطہ کریں ۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ عمرہ مضیف ویزا نے شہریوں اور رہائشیوں کو بعض ضوابط کے مطابق سعودی عرب سے باہر سے آنے والے زائرین کی میزبانی کرنے کی اجازت دی تھی اور انہیں 3 سے 5 حاجیوں کو لانے اور ان کی میزبانی کرنے کے قابل بنایا تھا ، عمرہ مضیف ویزا شہریوں کے لیے شہری حیثیت کی رجسٹری کے ذریعے اور رہائشیوں کے لیے رہائش کے ذریعے جاری کیا جاتا تھا ۔

علاوہ ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ نے رواں سال حج پالیسی سے متعلق اہم اعلان کردیا ، سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال صرف مخصوص ویزا اور مستقل اقامہ ہولڈر کو ہی حج کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت ہوگی اور ایسے تمام افراد جن کے وزٹ یا ورکنگ ویزا ہے وہ حج کی سعادت حاصل نہیں کرسکتے ، اسی طرح سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے حج کے لیے جانے والے افراد کو کورونا ویکسین لازمی لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے ، کیوں کہ عالمی وباء سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو بھی حج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں