سعودیہ میں پروفیشنل ویزوں کی منسوخی پر فیس کی واپسی کا طریقہ کار بتادیا گیا

پروفیشنل ویزوں کی ادا شدہ فیس اسی بینک سے خودکار سسٹم کے تحت واپس حاصل کی جاسکتی ہے جس بینک کے ذریعے جمع کرائی گئی ہو‘ رقم اسی اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی جس سے ادائیگی کی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 2 مارچ 2022 11:29

سعودیہ میں پروفیشنل ویزوں کی منسوخی پر فیس کی واپسی کا طریقہ کار بتادیا گیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 مارچ 2022ء ) سعودی عرب میں پروفیشنل ویزوں کی منسوخی پر ان کے لیے جمع کرائی گئی فیس کی واپسی کا طریقہ کار بتادیا گیا ۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پروفیشنل ویزوں کی منسوخی کی صورت میں ان کی فیس کی واپسی کے حق کو تسلیم کیا ہے ، یعنی اب اگر پروفیشنل ویزا منسوخ ہوجائے تو ایسی صورت میں اس کی فیس واپس لی جاسکتی ہے۔

عاجل ویب سائٹ کا ھوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایک مقامی شہری نے وزارت کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دریافت کیا کہ 3 پروفیشنل ویزوں کی فیس جمع کراچکا ہوں لیکن تینوں ویزے ہی منسوخ کردیے گئے ، ان کی فیس کی واپسی کا طریقہ کار کیا ہے؟ اس کے جواب میں وزارت افرادی قوت نے کہا کہ پروفیشنل ویزوں کی ادا شدہ فیس اسی بینک سے خودکار سسٹم کے تحت واپس حاصل کی جاسکتی ہے جس بینک کے ذریعے جمع کرائی گئی ہو ، رقم اسی اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی جس سے ادائیگی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزارت افرادی قوت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیس کی واپسی کی کارروائی ویزا منسوخ ہونے یا استعمال کیے بغیر اس کی میعاد ختم ہوجانے کے بعد ہی کی جاسکے گی تاہم اگر کسی کی فیس واپس نہیں ہورہی تو ایسی صورت میں وزارت خزانہ سے 19990 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ ادھرسعودی عرب نے ’عمرہ مضیف‘ کے نام سے جاری کیا جانے والا ویزا منسوخ کردی ، وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے عمرہ مضیف ویزا منسوخ کر دیا ہے ، اگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت ہوئی تو وہ اپنے سرکاری چینلز کے ذریعے اعلان کریں گے ، وزارت کی طرف سے ویزا کی منسوخی کا اعلان اس حوالے سے لوگوں کے استفسارات کے جواب میں کیا گیا ۔

وزارت حج و عمرہ نے پہلے کہا تھا کہ عمرہ مضیف ویزا ان معیارات اور تقاضوں سے مشروط ہے جو اسے منظم کرتے ہیں ، وزارت نے تصدیق کی کہ اسے نافذ نہیں کیا جائے گا اور اس کے فعال ہونے کا کوئی خاص وقت نہیں ہے ، اس کے علاوہ ابشر پلیٹ فارم نے تصدیق کی کہ پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ مضیف ویزا جاری کرنا ممکن نہیں ہے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر وزارت حج و عمرہ سے رابطہ کریں ۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ عمرہ مضیف ویزا نے شہریوں اور رہائشیوں کو بعض ضوابط کے مطابق سعودی عرب سے باہر سے آنے والے زائرین کی میزبانی کرنے کی اجازت دی تھی اور انہیں 3 سے 5 حاجیوں کو لانے اور ان کی میزبانی کرنے کے قابل بنایا تھا ، عمرہ مضیف ویزا شہریوں کے لیے شہری حیثیت کی رجسٹری کے ذریعے اور رہائشیوں کے لیے رہائش کے ذریعے جاری کیا جاتا تھا ۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں