سعودی عرب میں کارکن کو کمپنی سے واجبات کی مد میں 4 لاکھ ریال مل گئے

عسیر میں غیر ملکی کارکن نے اپنی کمپنی کے خلاف واجبات کا کیس دائر کیا تو وزارت ہیومن ریسورسز کے تحت لیبر کورٹ نے کیس کی مکمل سماعت کے بعد کمپنی کو واجبات دینے کا پابند کیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 مارچ 2022 13:02

سعودی عرب میں کارکن کو کمپنی سے واجبات کی مد میں 4 لاکھ ریال مل گئے
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 مارچ 2022ء ) سعودی عرب میں کارکن کو کمپنی سے واجبات کی مد میں 4 لاکھ ریال مل گئے ‘ عسیر میں وزارت ہیومن ریسورسز کے دفتر نے کارکن کو واجبات دلوائے ۔ اردو نیوز نے سبق ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عسیر ریجن میں وزارت کے دفتر کے سربراہ ہادی بن عایض الشہری نے بتایا کہ غیر ملکی کارکن نے اپنی کمپنی کے خلاف واجبات کا کیس دائر کیا تو وزارت کے تحت لیبر کورٹ نے کیس کی مکمل سماعت کرنے کے بعد کمپنی کو واجبات دینے کا پابند کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہیومن ریسورسز کے تمام ادارے لیبر مارکیٹ کو شفاف اور آجر واجیر کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں جس کے تحت لیبر کورٹ سے رجوع کرنے کے لیے آن لائن سروس فراہم کی گئی ہے جہاں فریقین میں سے کوئی بھی کیس دائر کر سکتا ہے ، کاغذات جمع کرنے کے بعد خود کار سسٹم کے تحت سماعت کی تاریخیں طے کی جاتی ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود تنخواہوں اور بقایا جات کے تصفیے کے حوالے سے ایک ادارہ قائم کیے ہوئے ہے ، یہ ادارہ مشکلات سے دوچار کمپنیوں کے نمائندوں کو طلب کرتا ہے اور ان سے رقوم لے کر خصوصی اکاوٴنٹ میں جمع کرادیتا ہے ، وزارت افرادی قوت کا یہ ادارہ ہر کمپنی کے حوالے سے ذیلی اکاوٴنٹ بھی قائم کیے ہوئے ہے ، ادارہ متاثرہ ورکرز کی فہرست تیار کرتا ہے ، ان کی تنخواہیں تقسیم کرنے کی سکیم بناتا ہے پھر متعلقہ کمپنی کے بااختیار نمائندے اور تنخواہوں کی تقسیم کے ذمہ داران کو طلب کرکے ان سے ورکرز کی تنخواہیں اور بقایا جات دلانے کی کارروائی کراتا ہے ۔

اسی ادارے کی کاوشوں کے باعث سعودی عرب میں انتقال کرنیوالے غیرملکی ورکرز کے بقایاجات بھی ادا کردیے گئے ، ایشیاء ، عرب اور دیگر ملکوں کے متوفی 98 غیرملکی ورکرز کے بقایا جات کی مد میں 28 لاکھ ریال سے زائد کی رقم رشتے داروں تک پہنچا دی گئی ، اس مقصد کے لیے غیر ملکی کارکنان کے متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں یا براہ راست ان کے لواحقین کے ساتھ رابطہ کیا گیا جس کے بعد تصدیقی عمل مکمل کرتے ہوئے 28 لاکھ 68 ہزار 421 ریال ادا کیے گئے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں