حاجیوں کو ناقص سروس دینے پر کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کی چھٹی

عازمین حج کو مناسب سروس فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور اعلیٰ عہدیدار کو برطرف کردیا ‘ جن کے بارے میں تحقیقات بھی کی جائیں گی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 جولائی 2022 13:40

حاجیوں کو ناقص سروس دینے پر کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کی چھٹی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جولائی 2022ء ) سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے حاجیوں کو ناقص سروس دینے پر ایک کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کی چھٹی کردی۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ سے معلوم ہوا ہے کہ عازمین حج کو سروس فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور اعلیٰ عہدیدار کو برطرف کردیا گیا ، کمپنی کے عہدیداروں کو عازمین کو مناسب سروس فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے کہا ہے کہ وزارت کی انسپیکشن ٹیموں نے مذکورہ کمپنی کی جانب سے ناقص سروس کی فراہمی کی نشاندہی کی تھی جس کی بنیاد پر کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ مل کرعہدیداروں کی برطرفی کا فیصلہ کیا گیا ، برطرف ہونے والے عہدیداروں کے بارے میں تحقیقات بھی کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ادھر حج کے لیے بروقت سعودی عرب نہ پہنچ پانے والے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ سعودی حکومت نےعازمین حج کے لیے آمد کے اوقات میں توسیع کر دی، نئے قانون کے تحت پاکستان میں گزشتہ روز سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پھنسے مسافر بھی سفر کریں گیے، عازمین حج کو پشاور، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے مختلف پروازوں کی ذریعے روانہ کیا جائے گا ۔

اس ضمن میں سعودی سول ایوی ایشن گا کا نے اس حوالے سے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا ہے ، جس سے معلوم ہوا ہے کہ سعودی حکومت نے عازمین حج کے لیے آمد کے اوقات میں توسیع کر دی ہے اور اب عازمین حج کو جمعرات 7 جولائی رات 12 بجے تک داخلے کی اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ حج ویزے سال 2022 کے لیے غیر معمولی تبدیلی کی جا رہی ہے ، عازمین کو کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے مملکت میں داخلے کی اجازت ہوگی ، گا کا سرکلر کی تعمیل میں ناکامی حکومتی احکامات کی خلاف ورزی ہے ، نئے حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کی خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں