سعودی عرب میں ایک سال کے اندر ٹول ٹیکس کی وصولی شروع ہونے کا امکان

ٹول ٹیکس پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے نافذ کیا جائے گا اور ایسی شاہراہوں پر لگایا جائے گا جہاں متبادل روڈ ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 5 اگست 2022 11:52

سعودی عرب میں ایک سال کے اندر ٹول ٹیکس کی وصولی شروع ہونے کا امکان
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اگست 2022ء ) سعودی عرب میں ایک سال کے اندر ٹول ٹیکس کی وصولی شروع ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ اردو نیوز نے العربیہ چینل کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ روڈ جنرل اتھارٹی ایک سال کے اندر ٹول ٹیکس کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے والی ہے، ٹول ٹیکس ایسی شاہراہوں پر لگایا جائے گا جہاں متبادل روڈ ہوں گے اور انہیں استعمال کرنے والوں سے ٹیکس نہیں لیا جائے گا۔

باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ روڈ جنرل اتھارٹی ٹول ٹیکس پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے نافذ کرے گی، جس کے تحت ٹول ٹیکس والے روڈز بنانے اور ان کی اصلاح و مرمت اور ٹیکس کی وصولی کا کام پرائیویٹ سیکٹر سے لیا جائے گا، اس ضمن میں روڈ اتھارٹی سعودی روڈز نیٹ ورک کو جدید تر بنانے والے منصوبوں پر کام کررہی ہے، جس کے تحت روڈزکا معیار بہتر بنانے، سلامتی کے اعلی ترین انتظامات کرنے اور تکنیکی اعتبار سے روڈ سٹینڈرڈ بڑھانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب روڈ سٹینڈرڈ گراف میں پوری دنیا میں چھٹا نمبر حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہے، اس مقصد کے لیے روڈ اتھارٹی بڑے شہروں، کمشنریوں اور تحصیلوں کو جوڑنے والی شاہراہوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، مملکت کے مختلف علاقوں کے درمیان افراد اور سامان کی منتقلی کا عمل آسان اور محفوظ بنانے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب نے مملکت میں ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی کے لیے نیا نظام نافذ کردیا ، ٹیکس وصولی کی پرانی رسیدیں ختم کرکے خرید و فروخت کی کیو آرکوڈ پر مبنی نئی رسیدیں جاری کی جائیں گی ، سعودیہ میں نئے نظام کا نفاذ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی یقینی اور شفاف بنانے کے لیے کیا گیا ہے ، جس کے لیے زکوۃ و ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے خرید وفروخت کے لیے کیوآرکوڈ سسٹم پر مبنی لازمی ڈیجیٹل رسید کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے ، اس ضمن میں تمام تاجروں کو نئے نظام کے حوالے سے پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا، زکوۃ وٹیکس اتھارٹی کی طرف سے متعارف کرائے گئے فول پروف سسٹم کے تحت کسی بھی تجارتی کارروائی کی روایتی رسید جاری نہیں کی جاسکے گی بلکہ اس کی جگہ نئے سسٹم کے تحت بارکوڈ اسکیننگ کے ذریعے خریداری کی رسیدیں جاری ہوں گی جن میں مخصوص کیو آر کوڈ کی سہولت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں