سعودی عرب؛ اے ٹی ایم صارفین کو انتہائی چالاکی سے لوٹنے والے 10 غیرملکی پکڑے گئے

اے ٹی ایم کے گرد چکر لگانے والا گروہ بزرگ یا سادہ لوح افراد کی مدد کے بہانے ان سے کارڈ لے کر کوڈ دریافت کرنے کے بعد مطلوبہ رقم نکال کر دیتے لیکن اصلی کی بجائے جعلی ایم ٹی کارڈ حوالے کردیتے تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 اگست 2022 11:14

سعودی عرب؛ اے ٹی ایم صارفین کو انتہائی چالاکی سے لوٹنے والے 10 غیرملکی پکڑے گئے
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 اگست 2022ء ) سعودی عرب میں اے ٹی ایم صارفین کو انتہائی چالاکی سے لوٹنے والے 10 غیرملکی پکڑے گئے۔ عکاظ اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے اے ٹی ایم صارفین کو دھوکہ دینے والے 10 غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے، جن میں سے 6 اقامہ قانون کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب پائے گئے تاہم دیگر 4 قانونی اقامے پر مملکت میں مجود ہیں۔

پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار سے معلوم ہوا ہے کہ 10 افراد پر مشتمل غیرملکیوں کا گروہ اے ٹی ایم صارفین کی آنکھوں میں دھول جھونک کر جعلسازی سے ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکال کر رفو چکر ہوجاتا تھا، واردات کے لیے اس غیرملکی گروہ کے افراد مختلف مقامات پر اے ٹی ایم کے گرد منڈلاتے رہتے اور ایسے بزرگ یا سادہ لوح کھاتے داروں کی تاک میں رہتے جو اے ٹی ایم استعمال کرنے کی واقفیت نہیں رکھتے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ غیرملکیوں کا یہ گروہ مدد کے بہانے ایسے افراد کے پاس جاتا ، ان سے اے ٹی ایم کارڈ لے کر کوڈ پوچھنے کے بعد مطلوبہ رقم نکال کر انہیں دے دی جاتی تاہم اس دوران اصلی کارڈ اپنے پاس رکھ لیا جاتا اور جعلی اے ٹی ایم کارڈ ان کے حوالے کیا جاتا، اسی دوران ان کا ایک اور ساتھی اے ٹی ایم سے رقم نکال کر فرار ہوجاتا۔ رپورٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کو جب ان وارداتوں کی اطلاع ملی تو گروہ کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کیا گیا اور جب اس گروہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تو گروہ میں 10 افراد ملوث پائے گئے، جن سے تفتیش کے بعد انہیں سپیشل کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں اس شاطر گروہ کو عبرتناک سزائیں دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

دوسری طرف سعودی عرب میں 13 لاکھ ریال سے زائد رقم سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون سمیت 3 غیرملکیوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ، تینوں کو متعدد جرمانے اور ہر ایک کو 5 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جن کو رہائی پر ملک بدری کا سامنا بھی کرنا پڑے گا، پبلک پراسیکیوشن کے دفتر کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ 3 افراد کو سعودی عرب سے باہر 1.3 ملین ریال سمگل کرنے کی کوشش کا مجرم قرار دیا گیا ہے ، تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ 2 مرد اور ایک خاتون جو افریقی ممالک کے شہری ہیں، جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کے دوران خاتون کے بیگ میں چھپا کر رقم مملکت سے باہر اسمگل کرنا چاہتے تھے اور خیال کیا جاتا ہے کہ یہ رقم مجرمانہ سرگرمیوں کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں