معروف سعودی تاجر تقریر کرتے ہوئے اچانک انتقال کرگئے‘ ویڈیو وائرل

محمد القحطانی مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک کانفرنس میں بات کرتے ہوئے زمین پر گرپڑے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 اگست 2022 11:28

معروف سعودی تاجر تقریر کرتے ہوئے اچانک انتقال کرگئے‘ ویڈیو وائرل
قاہرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 اگست 2022ء ) معروف سعودی تاجر محمد بن ناصر بن وازان القحطانی تقریب میں تقریر کے دوران اچانک انتقال کرگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ زیرگردش ہے جس میں مصری دارالحکومت قاہرہ میں اپنی تقریر کے دوران سعودی تاجر کی موت کا لمحہ دکھایا گیا ہے، ویڈیو کلپ میں محمد القحطانی کو پیر کی شام قاہرہ کے بارڈر گارڈ ہاؤس میں کانفرنس میں تقریر کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں بات کرتے ہوئے وہ زمین پر گر پڑے جس پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔


مصری مصور سید راغب نے اس حوالے سے بتایا کہ محمد بن ناصر بن وازان القحطانی کو تقریب میں بات کرتے ہوئے اچانک صحت کی خرابی ہوئی اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جا ملے جب کہ القحطانی کی موت کے بعد کانفرنس کی تمام سرگرمیاں منسوخ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

سعودی تاجر کے بیٹے ناصر نے اپنے والد کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کی نماز جنازہ سعودی عرب کے علاقے حائل میں ادا کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی ہوئی ویڈیو کے بعد سے سعودی تاجر محمد بن ناصر بن وازان القحطانی کا نام سرچ انجنوں میں سرفہرست ہے، مرحوم کا تعلق حائل کے علاقے سے ہے اور ان کی شادی ایک اماراتی سے ہوئی جس کے بعد وہ کئی سالوں سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور خبروں میں بتایا گیا کہ انہیں خیر سگالی سفیر کا اعزازی عہدہ دیا گیا ہے تاہم سعودی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی کہ وہ سفارت کار تھے۔

معلوم ہوا ہے کہ اپنی موت تک وہ السلام ہولڈنگ نامی سرمایہ کاری گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین رہے، یہ گروپ ریئل اسٹیٹ ، تیل اور زراعت کے شعبوں میں کام کرتا ہے اور اس کے چین، ہانگ کانگ اور دیگر ممالک میں کئی تعمیراتی منصوبے ہیں، اس کے علاوہ مرحوم کئی عرب ممالک میں ثقافتی منصوبوں کے لیے تعاون کے علاوہ اقتصادی ترقی کے شعبوں میں بھی دلچسپی رکھتے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں