’نیک خواہشات اور دعائیں پاکستان کے لیے ہیں‘

پاکستان تسلسل کے ساتھ ترقی کی راہ پرگامزن رہے‘ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ سعودی فرمانراو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کا 75 ویں جشن آزادی پر مبارکباد کا پیغام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اگست 2022 12:09

’نیک خواہشات اور دعائیں پاکستان کے لیے ہیں‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اگست 2022ء ) پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پرسعودی فرمانراو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان نے مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر سعودی قیادت کی طرف سے مبارک باد دی گئی ہے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے نام یوم آزادی کی مبارک باد کے پیغامات بھیے ہیں، جن میں سعودی قیادت نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان تسلسل کے ساتھ ترقی کی راہ پرگامزن رہے گا۔

سعودی فرمانراو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور اس کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں جب کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پھیجے گئے جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ نیک خواہشات اور دعائیں پاکستان کے لیے ہیں۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ قوم آج پاکستان کا 75واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منارہی ہے ہر طرف سبزہلالی پرچموں کی بہار ہے، 14 اگست کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں 75 ویں آزادی کا جشن بھرپور عقیدت و احترام سے منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی، دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعاؤں سے ہوا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ، ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔

کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب میں پاک نیول اکیڈمی کے نیول کیڈٹس نے اعزازی گارڈزکی ذمہ داریاں سنبھالی لیں، تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر گلدستہ رکھا، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیے۔

اعزازی گارڈز نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے دستوں پر مشتمل ہے جن میں 48 کیڈٹس بشمول 2 فیمیل کیڈٹس اور 32 سیلرز شامل ہیں جب کہ مزار قائد میں ہو نے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی بارخواتین کیڈٹس نے بھی حصہ لیا، اسی طرح پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، مزار اقبال پر جشن آزادی کی ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے لیکر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں