ریاض میں بس سروس شروع ہوگئی‘ کرایہ 4 ریال مقرر

منصوبے کے تحت 340 سے زیادہ ماحول دوست بسیں 15روٹس پر چلائی جارہی ہیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مارچ 2023 11:46

ریاض میں بس سروس شروع ہوگئی‘ کرایہ 4 ریال مقرر
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مارچ 2023ء ) سعودی عرب کے سٹی رائل کمیشن نے کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت ریاض بس سروس کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا، 340 سے زیادہ ماحول دوست بسیں 15روٹس پر چلائی جارہی ہیں، بس سروس کا کرایہ چار ریال مقرر کیا گیا ہے تاہم 6 برس تک کے بچوں کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں ہوگا۔ سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت بس سروس کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے، یہ منصوبہ 5 مرحلوں میں نافذ کیا جا رہا ہے، ریاض بس نیٹ ورک 1900 کلو میٹر طویل ہوگا، جس میں 800 سے زیادہ بسیں چلائی جائیں گی، مجموعی طور پر 86 روٹس پر چلنے والی بسوں کے لیے 2 ہزار 900 سے زیادہ سٹینڈ ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ بس سروس سے مقامی باشندوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو دفاتر، سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، ٹریننگ سینٹرز اور تفریحاتی مراکزآنے جانے میں سہولت ہوگی، اس سے پرائیویٹ کاروں کا استعمال کم ہوجائے گا، جس سے شہر میں موجود ٹریفک کا اژدحام کم ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس صالح الجاسر نے بتایا ہے کہ کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ ٹرینوں اور بسوں پر مشتمل ہے، جس پر 22.5 بلین ڈالر لاگت آئی ہے، اسے دنیا کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ سمجھا جاتا ہے، بین الاقوامی شپنگ لائنز اور لاجسٹکس کمپنیاں سعودی عرب میں کاروبار کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں، سعودی عرب دنیا کی 25 بہترین بندرگاہوں کے انڈیکس میں سرفہرست ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ شہر بھر میں ریلوے سٹیشنوں اور 350 کلومیٹر ریل روڈ کے 80 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکے ہیں، ریاض میٹرو یا الیکٹرک ٹرینیں بھی کنگ عبدالعزیز پبلک ٹرانسپورٹ پروجیکٹ کا حصہ ہیں، ریاض میٹرو دنیا کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے، اس میں 6 بڑی میٹرو لائنوں کے علاوہ 85 ریلوے اسٹیشن شامل ہیں جو دارالحکومت ریاض کو ہر طرف سے احاطہ کرنے کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں