شاہ سلمان کی ایرانی صدر کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ریاض کی طرف سے دورے کے دعوت نامے کا خیرمقدم کیا ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مارچ 2023 17:07

شاہ سلمان کی ایرانی صدر کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مارچ 2023ء ) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو مملکت کے دورے کی دعوت دے دی۔ جرمن خبر رساں ادارے ’ ڈی ڈبلیو‘ کے مطابق تہران کے صدارتی دفتر کی جانب سے سعودی بادشاہ کی جانب سے متعلقہ خط کی وصولی کی تصدیق کی گئی ہے، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ریاض کی طرف سے دورے کے دعوت نامے کا خیر مقدم کیا ہے تاہم ریاض کی حکومت نے ابتدائی طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بتاتے چلیں کہ سفارتی تعلقات منقطع رکھنے کے برسوں بعد حال ہی میں سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے کے قریب آنا شروع ہوئے ہیں اور دونوں نے سفارتی تعلقات بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اس مفاہمتی ڈیل میں چین نے ثالث کا کردار ادا کیا، اس ڈیل کے تحت دونوں ممالک نے اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے اور اقتصادی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا، بین الاقوامی سطح پر ان دو ممالک کے مابین تعلقات کی بحالی پر دوطرفہ اتفاق پر بڑے پیمانے پر مثبت ردعمل سامنا آیا، ایران اور سعودی عرب سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ 2 ماہ کے اندر اپنے سفارتی مشن دوبارہ کھولیں گے اور سکیورٹی و اقتصادی تعاون کے اُن معاہدوں پر عمل درآمد کریں گے جن پر 20 سال پہلے دستخط کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھی سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم سفارتی پیش رفت‘ قرار دیا، اس حوالے سے پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پختہ یقین رکھتا ہے یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہو گی، ہم اس تاریخی معاہدے کو مربوط کرنے میں چین کی دور اندیش قیادت کے کردار کو سراہتے ہیں جو تعمیری اور بامعنی بات چیت کا مظہر ہے، پاکستان دونوں برادر ممالک کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کی کوششوں کی مسلسل حمایت کے ساتھ مشرق وسطیٰ اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں