سعودی عرب تیزی سے خطے کا اہم تفریحی مرکز بننے لگا

مملکت نے گزشتہ چار برسوں کے دوران 120 ملین سے زیادہ افراد کی میزبانی کی

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 مارچ 2023 12:13

سعودی عرب تیزی سے خطے کا اہم تفریحی مرکز بننے لگا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 مارچ 2023ء ) سعودی عرب تیزی سے خطے کا اہم تفریحی مرکز بننے کی جانب گامزن ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مملکت نے گزشتہ چار برسوں کے دوران 120 ملین سے زیادہ افراد کی میزبانی کی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مملکت کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے 2019ء میں لائسنسنگ کے نئے نظام کے آغاز کیا، سعودی عرب کا نیا آن لائن سسٹم تفریحی لائسنس کے لیے درخواست دینے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے بنایا گیا، اس نئے نظام کے آغاز کے بعد سے مختلف تفریحی سرگرمیوں کے لیے اب تک 11 ہزار136 لائسنس جاری کیے گئے، یہ اجازت نامے ان کوششوں کا حصہ ہیں جو مملکت تفریحی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور وژن 2030ء کے مقاصد کے حصول میں مدد کے لیے معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے کر رہی ہے، لائسنس کی اس حد کی پیشکش کا مقصد تفریحی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو ایک اہم اور امید افزا شعبہ ہے۔

(جاری ہے)

عرب نیوز کے مطابق سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب تیزی سے خطے میں ایک اہم تفریحی مرکز بن رہا ہے، اس اہم شعبے کے لیے ولی عہد محمد بن سلمان کی حمایت کے نتیجے میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے متعدد سرٹیفکیٹ حاصل کیے، کیوں کہ اتھارٹی نے مملکت کے تفریحی شعبے میں روزگار کے نمایاں مواقع کی راہ ہموار کی، اتھارٹی نے اس عرصے کے دوران دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا بین الاقوامی قرآن اور اذان مقابلہ کا دوسرا ایڈیشن بھی منعقد کیا، اس ایونٹ میں دنیا کے 165 ممالک سے 50 ہزار سے زیادہ افراد نے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے رجسٹریشن کروائی، جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے مجموعی طور پر 12 ملین ریال کے انعامات فراہم کیے جو عالمی سطح پر اس طرح کے مقابلے کے لیے سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریسٹورنٹس اور کیفے میں تقریبات، تفریحی شوز اور لائیو شوز کی مجموعی سرگرمیاں 2019ء سے 2023ء کی پہلی سہ ماہی تک تقریباً آٹھ ہزار 732 تھیں، مملکت کے 42 شہروں اور گورنریٹس میں 470 تفریحی مقامات کو لائسنس دیا گیا، 50 شہروں اور گورنریٹس میں ایک ہزار 402 ریسٹورنٹس کو لائسنس دیا گیا، اس کے علاوہ تفریحی اور معاون سرگرمیوں سے متعلق تقریباً تین ہزار 738 اداروں کو لائسنس جاری ہوئے، چھ ہزار 610 سے زیادہ باصلاحیت اداکاروں کو تقریبات میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی جس کے نتیجے میں 350 تھیٹر پرفارمنس کے ساتھ 82 ڈرامے منعقد کیے گئے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں