واجبات کی عدم ادائیگی‘ ریاض ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو فیول دینے سے انکار

ریاض سے اسلام آباد کی پرواز 3 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار‘ پرواز کی روانگی میں تاخیر پر مسافرسراپا احتجاج بن گئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 ستمبر 2023 17:22

واجبات کی عدم ادائیگی‘ ریاض ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو فیول دینے سے انکار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 ستمبر 2023ء ) سعودی دارالحکومت ریاض کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کو فیول دینے سے انکار کردیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ریاض سے اسلام آباد پی آئی اے کی پرواز 3 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی کیوں کہ سعودی دارالحکومت کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کو فیول دینے سے انکار کردیا گیا اور واجبات کی عدم ادائیگی پر فیول نہ ملنے کے باعث پرواز تاخیر کا شکارہوئی، پرواز کی روانگی میں تاخیر پر ریاض ایئرپورٹ پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ قومی ایئرلائن ان دنوں سنگین مالی بحران کی شکار ہے، پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہنگامی فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو 15 ستمبر تک فلائٹ آپریشن معطل ہونے کا خدشہ ہے، آپریشنل طیاروں کی تعداد 23 سے کم کرکے 16 کردی گئی ہے جس کی وجہ سے متعدد پروازیں منسوخ کی گئیں، بوئنگ اور ایئربس نے بھی ادائیگی نہ کرنے پر پی آئی اے کو اسپیئر پارٹس کی فراہمی معطل کردی ہے اور محدود فلائٹ آپریشن ز کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے، اگر ایمرجنسی فنڈز میں 23 ارب روپے فراہم نہیں کیے گئے تو 15 ستمبر تک فلائٹ آپریشن معطل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

عہدیدار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پی آئی اے کے ایک طیارے کو دمام ہوائی اڈے پر جب کہ دیگر چار کو دبئی ہوائی اڈے پر ایندھن کی ادائیگی میں ناکامی پر روک دیا گیا تھا، تاہم طیاروں کو پی آئی اے کی تحریری یقین دہانی پر روانگی کی اجازت دی گئی، انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے 35 لاکھ ڈالر کی ہنگامی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی خدمات بحال کیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں