سعودی عرب نے مسافروں کیلئے کسٹم فری سامان کی حد بتادی

3 ہزار سعودی ریال مالیت سے کم سامان پر کوئی کسٹم یا فیس نہیں ہوگی۔ سعودی حکام

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 ستمبر 2023 13:27

سعودی عرب نے مسافروں کیلئے کسٹم فری سامان کی حد بتادی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب نے مملکت آنے اور یہاں سے جانے والے مسافروں کیلئے کسٹم فری سامان کی حد بتادی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی زکوۃ، کٹم و ٹیکس کسٹم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 3 ہزار ریال تک کی مالیت کا نیا نجی سامان کسٹم فری ہوگا، تاہم 3 ہزار ریال سے زیادہ مالیت کا جو بھی سامان کاروباری نقطہ نظر سے لایا اور لے جایا جائے گا اس پر بھی کسٹم ادا کرنا ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب آنے اور یہاں سے جانے والے مسافروں کو کسٹم اقرار نامے کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، جس کے ذریعے مسافر مملکت میں آتے اور یہاں سے جاتے وقت مقررہ حد سے زیادہ نئے سامان کی تفصیلات بتا سکتے ہیں، کسٹم اقرار نامہ جمع کرانے والوں کو انتظار کی زحمت نہیں ہوگی، انہیں آسانی دی جائے گی اور قانونی تحفظ فراہم ہوگا۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کا نیا سامان تین ہزار ریال مالیت سے کم ہونے کی صورت میں اس پر کوئی کسٹم فیس کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ 60 ہزار ریال یا اس سے زائد مالیت کے زیورات، قیمتی پتھر، سونے کے بسکٹ یا رقم لے جانے یا لانے والے کو اقرار نامہ جمع کرانا ہوگا۔

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سفری طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے غیر مجاز سامان لانے سے گریز کریں، گول، گندے یا کپڑے سے لپٹے ہوئے سامان کے ساتھ ساتھ رسیوں سے بندھے ہوئے تھیلوں کو ہمراہ لانے کی اجازت نہیں ہے جب کہ غیر مجاز سامان میں لمبے پٹے والے تھیلے، کپڑے کے کیریئر اور بے قاعدہ وزن والی اشیاء بھی شامل ہیں۔

ہوائی اڈے کی انتظامیہ کا کہنا ہے مسافر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا سامان ان کے ٹکٹ پر بیان کردہ وزن کے الاؤنس پر پورا اترتا ہے، ہوائی اڈے پر پہنچنے سے پہلے الیکٹرانک بورڈنگ پاس حاصل کریں، اپنا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ ساتھ رکھیں، ہوائی اڈے پر گھریلو پروازوں کے لیے پیشگی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے تین گھنٹے پہلے پہنچیں۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں