عمان کی ثالثی میں سعودیہ اور حوثیوں کے درمیان امن مذاکرات کا آغاز

یمنی حکومت اور سعودی عرب نے مذاکرات کے ایجنڈے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا تبصرہ نہیں کیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 ستمبر 2023 14:30

عمان کی ثالثی میں سعودیہ اور حوثیوں کے درمیان امن مذاکرات کا آغاز
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر 2023ء ) یمن سے تعلق رکھنے والے حوثی باغیوں کا وفد امن مذاکرات کے لیے عمان کے طیارے میں سعودی عرب پہنچ گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق 9 سالہ خانہ جنگی، حکومتی بحران اور جنگ کے بعد سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کے درمیان امن مذاکرات کا آغاز ہوچکا ہے، یمن میں سعودی عرب کی حمایت سے بننے والی حکومت اور سعودی عرب نے خود بھی ان مذاکرات کے ایجنڈے کے حوالے سے کسی بھی قسم کا بیان جاری نہیں کیا جب کہ حوثی سیاسی سربراہ مہدی المشاط کا کہنا ہے کہ وفد سعودی فریق کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے کے لیے ریاض پہنچا ہے، امن ہمارا پہلا آپشن تھا اوراب بھی ہے، جس کے حصول کےلیے سب کو کام کرنا چاہیے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ امن مذاکرات میں سعودی عرب کی جانب سے حوثیوں کے زیر قبضہ بندرگاہوں اور بین الاقوامی ہوائی اڈے کو کھولنے اور تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی کا حصہ یمنی حکومت کو دینے کا مطالبہ کیا جائے گا، جب کہ حوثی رہنماء غیر ملکی افواج کے یمن سے انخلا پر زور دیں گے، مذاکرات میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی پر بھی بات چیت ہوگی۔

(جاری ہے)

ادھر امریکہ نے حوثیوں کو امن مذاکرات کی دعوت دینے پر سعودی عرب کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے، قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس حالیہ اقدام کےلیے سعودی قیادت کو سراہتے ہیں اور عمان کی قیادت کی جانب سے اہم کردار پر شکریہ ادا کرتے ہیں، امریکہ کو یمنی فریقین اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر امن کوششوں میں سفارتی سپورٹ کی فراہمی پر فخر ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں