سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں 134 افراد گرفتار

کرپشن کے ایک بڑے کیس میں درجنوں ملازمین سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 ستمبر 2023 16:55

سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں 134 افراد گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں 134 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ حکام کی جانب سے 340 مشتبہ افراد سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں نگران اور انسداد بدعنوانی اتھارٹی نے کرپشن کے ایک بڑے کیس میں درجنوں ملازمین سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، نگرانی کے 3 ہزار 452 دوروں کے بعد اتھارٹی نے 340 مشتبہ افراد سے تفتیش کی، جن میں وزارت داخلہ، دفاع، انصاف، صحت، تعلیم، میونسپل اور دیہی امور و ہاؤسنگ، زکو، ٹیکس و کسٹم اتھارٹی کے ملازمین شامل ہیں، الزامات ثابت ہونے پر اتھارٹی نے 134 شہریوں اور رہائشیوں کو بھی گرفتار کیا ہے، ان میں سے کچھ رشوت، دفتری اثر و رسوخ کا غلط استعمال، منی لانڈرنگ، اور جعلسازی کے الزامات میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ کسی بھی ایسے شخص کی نگرانی اور کنٹرول جاری رکھے گی جو عوامی فنڈز پر قبضہ کرتا ہے یا اپنے ذاتی فائدے کے حصول یا مفاد عامہ کو نقصان پہنچانے کے لیے نوکری کا غلط استعمال کرتا ہے اور ملازمت سے تعلق ختم ہونے کے بعد بھی اسے جوابدہ ٹھہراتا ہے، اتھارٹی نے کسی بھی مالی بدعنوانی کی اطلاع کے لیے مفت فون، ای میل اور فیکس کی سہولت کا بھی اعلان کیا۔

حال ہی میں سعودی عرب نے کروڑوں ریال کی ویزہ کرپشن کیس کا بھی پردہ فاش کیا، مملکت کے ریاستی انسداد بدعنوانی کے نگراں ادارے نے ایک کروڑوں ریال کی بدعنوانی کے کیس کا انکشاف کیا، جس میں سفارت کاروں، سکیورٹی اہلکاروں اور لیبر ویزوں کی غیر قانونی تجارت سے منسلک تارکین وطن شامل تھے، نگران اور انسداد بدعنوانی کی اتھارٹی نے 13 مشتبہ افراد کے نام بتائے، جن میں دو سفارت کار بھی شامل ہیں جو بنگلہ دیش میں سعودی سفارت خانے میں کام کرتے تھے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں