سعودی عرب میں 2 رہائشیوں کو سڑک پر تصاویر لینا مہنگا پڑگیا

ریاض میں سڑک کے بیچوں بیچ گاڑی روک کر فوٹو کھینچنے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 ستمبر 2023 13:51

سعودی عرب میں 2 رہائشیوں کو سڑک پر تصاویر لینا مہنگا پڑگیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سڑک کے بیچوں بیچ گاڑی روک کر فوٹو کھینچنے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی پولیس نے دو نوجوانوں کو اس الزام میں گرفتار کر لیا ہے کہ انہوں نے اپنی گاڑی کو دارالحکومت ریاض میں سڑک کے بیچوں بیچ فوٹو کھینچنے کے لیے روکا، ریاض میں پولیس نے بتایا کہ انہوں نے ایک سعودی اور ایک یمنی باشندے کو اپنی کار کے ساتھ سڑک پر ٹریفک بلاک کرنے اور اخلاقیات کی خلاف ورزی کرنے اور دیگر جانوں کو خطرے میں ڈالنے پر گرفتار کیا ہے۔

پولیس نے یہ بھی کہا کہ مجرموں نے اپنے فعل کو دستاویزی شکل دی تھی، ایک ویڈیو میں دونوں کو دکھایا گیا جس میں ایک شخص دوسرے کی تصاویر لے رہا تھا جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک رک گئی تھی، پولیس نے گرفتاری کے بعد ان کی تصاویر بھی جاری کیں اور کہا کہ انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے حال ہی میں سڑک کے حادثات کو کم کرنے کے لیے ٹریفک جرائم کے لیے سزاؤں میں سختی کی ہے، سعودی ٹریفک حکام نے کہا تھا کہ 100 ریال سے 150 ریال تک کے جرمانے ایسی گاریوں پر عائد کیے جائیں گے جو اپنی مقرر کردہ کراسنگ استعمال کرنے والے پیدل چلنے والوں کو ترجیح دینے میں ناکام رہتے ہیں۔

حکام نے یہ بھی تنبیہ کی کہ ڈرائیونگ کے دوران سیل فون کا استعمال ایک جرم ہے جس کی سزا 900 ریال تک جرمانہ ہے اور غیر واضح یا خراب نمبر پلیٹ کے ساتھ گاڑی چلانا ٹریفک کی خلاف ورزی ہے جس کی سزا 1000 سے 2000 ریال تک جرمانہ ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آئے جب سعودی میڈیا نے کئی جان لیوا حادثات کی خبریں دی ہیں، اگست میں ایک سعودی خاندان کے 6 افراد مقدس شہر مدینہ منورہ اور المہد گورنری کو ملانے والی سڑک پر ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ مارچ میں 21 عمرہ زائرین جاں بحق اور 29 دیگر زخمی ہوئے جب ان کی بس جنوب مغربی عسیر کے علاقے میں الٹ گئی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں