گاڑی کو اچانک کٹ مارنے پر 6 ہزار ریال جرمانہ

سعودی عرب نے ٹریفک جرائم پر سزاؤں میں سختی کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 ستمبر 2023 16:59

گاڑی کو اچانک کٹ مارنے پر 6 ہزار ریال جرمانہ
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب نے سڑک حادثات کو کم کرنے کے لیے ٹریفک جرائم کے لیے سزاؤں کو سخت کر دیا اور اب اچانک کٹ مارنے والے ڈرائیوروں کو 6 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب میں ٹریفک حکام نے گاڑی چلانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سڑک پر گاڑی کو ادھر ادھر گھمانے اور دوسروں سے آگے نکنے کے لیے اچانک کٹ مارنے سے گریز کریں کیوں کہ یہ عمل ٹریفک حادثات کا باعث بنتا ہے اور سڑک پر کاروں کے درمیان گاڑی کو اچانک گھمانا ایک جرم ہے جس کی سزا کے طور پر 3 ہزار ریال سے 6 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔

مملکت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے کہا ہے کہ ہم ملک میں سڑکوں پر ہونے والے حادثات کو روکنے کے لیے کوشاں ہیں، اس مقصد کے لیے ٹریفک جرائم کے لیے سزاؤں میں سختی کی گئی ہے، 100 ریال سے 150 ریال تک کے جرمانے ایسے ڈرائیوروں پر عائد کیے جائیں گے جو اپنے مقرر کردہ کراسنگ استعمال کرنے والے پیدل چلنے والوں کو ترجیح دینے میں ناکام رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام نے یہ بھی خبردار کیا کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنا بھی سنگین جرم ہے جس کی سزا 900 ریال تک جرمانہ ہے، جب کہ غیر واضح یا خراب نمبر پلیٹ کے ساتھ گاڑی چلانا بھی ٹریفک کی خلاف ورزی ہے جس کی سزا 1000 سے 2000 ریال تک جرمانہ ہے۔ سعودی روڈ سکیورٹی فورس نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے اور شاہراہوں پر منفی پوائنٹ ریکارڈ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، شاہراہوں پر خفیہ پٹرولنگ دستوں کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرتے ہوئے تعینات کیا جائے گا، اس فیصلے کا مقصد قومی تقریبات، ہفتہ وار تعطیلات اور خاص طور پرمختلف سیزن میں ٹریفک حادثات کو روکنے اور ہلاکتوں سے بچانے کی ہر ممکن کوشش بروئے کار لانا ہے۔

محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر محسن الزہرانی نے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال نہ کریں کیوں کہ اس کا استعمال نقصان دہ ہے اور چند مہینوں کے دوران موبائل کے استعمال سے مملکت کے متعدد علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں کئی خاندان جان کی بازی ہار گئے۔ محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل نے تبوک ریجن میں ٹریفک سلامتی مہم 2022ء کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوئے اور دوسرے ٹریفک حادثے میں پورا خاندان ہی مارا گیا اور یہ دونوں بڑے حادثات ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے ہوئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں محفوظ ٹریفک مہم کی کامیابی کے باعث ٹریفک حادثات کے باعث اموات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے جہاں 2016ء میں ایک لاکھ میں سے27 افراد کی موت واقع ہو رہی تھی وہ 2021ء میں کم ہوکر فی لاکھ 13.17 ہوچکی ہے لیکن کوشش ہے کہ ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات کی تعداد میں دو تہائی تک کمی لائی جائے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں