سعودی عرب میں 80 لاکھ نشہ آور گولیوں کی اسسمگلنگ ناکام

2 شامی اور 4 سعودی شہری گرفتار‘ ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 ستمبر 2023 13:41

سعودی عرب میں 80  لاکھ نشہ آور گولیوں کی اسسمگلنگ ناکام
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب میں تقریباً 80 لاکھ نشہ آور گولیوں کی اسسمگلنگ ناکام بنادی گئی۔ مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق البطحا بارڈر کراسنگ کے ذریعے منشیات ایمفیٹامین کی تقریباً 80 لاکھ گولیاں اسمگل کی جارہی تھیں، جس کی اطلاع ملنے پر حکام کی جانب سے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اسمگلنگ کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

سعودی محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان مروان الحازمی نے بتایا کہ سکیورٹی حکام نے مشرقی صوبہ میں سرحدی گذرگاہ پر پلاسٹک پینلز کی ایک کھیپ پکڑی اور ان میں چھپائی گئی ایمفیٹامین کی 79 لاکھ 20 ہزار گولیاں برآمد کرلیں، یہ کارروائی متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام اور مملکت کی زکٰوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (زاتکا) کے تعاون سے کی گئی، ممنوعہ نشہ آور گولیوں کی اس کھیپ کو دارالحکومت ریاض میں 2 شامی باشندوں اور 4 سعودی شہریوں نے وصول کرنا تھا، ان تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے خطے میں منشیات کے اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی ہے، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کہتے ہیں کہ "ہمارے خطے میں مصنوعی طور پر تیار ہونے والی نشہ آور اشیاء میں شدید اضافہ دیکھا گیا ہے، کئی مملک میں غیر محفوظ اور غیر مستحکم حالات میں انتہائی تیزی سے میتھ ایمفیٹامین کی تیار ہو رہی ہے، ہمارے معاشروں پر اس کے انتہائی خطرناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کے باعث ہم اس جانب متوجہ ہو رہے ہیں"۔

انہوں نے کہا کہ "سعودی عرب منصوعی نشہ آور مواد کے غیر طبی استعمال سے متعلق رجحانات کے صحت عامہ اور معاشرے پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں فکر مند ہے، اس لیے ہم اس معاملے سے متعلق چیلجنز، نشہ آور اشیاء کی غیر قانونی تیاری، نقل وحمل اور ان کے نتیجے میں رونما ہونے والے جرائم کا خاتمہ کرنے کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں"۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں