غیرقانونی حجاج کی آمد روکنے کیلئے سمارٹ سسٹم منصوبے پر غور

سمارٹ کیمروں سے حجاج کی نقل و حرکت اور ان کے بارے میں مکمل معلومات محفوظ کی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 اگست 2024 11:35

غیرقانونی حجاج کی آمد روکنے کیلئے سمارٹ سسٹم منصوبے پر غور
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست 2024ء ) سعودی عرب نے غیرقانونی حجاج کو روکنے کے لیے سمارٹ سسٹم منصوبے پر غور شروع کردیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مملکت میں غیرقانونی حجاج کی آمد کا سلسلہ روکنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی پر مبنی پروگرام نافذ کرنے پرغور کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں حجاج کی تعداد کو کنٹرول اور منظم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کے لیے ایسی کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جو عازمین حج کے سعودی عرب پہنچتے ہی ان کی شناخت کا ڈیٹا محفوظ کرے گی اور ان کی رہائش کے امور کی بھی معلومات اپ ڈیٹ رکھنے کی اہل ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سمارٹ کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے حجاج کی نقل و حرکت اور ان کے بارے میں مکمل معلومات محفوظ کی جائیں گی، عازمین کو ایسے سمارٹ کارڈز فراہم کی جائیں گے جن پر ان کی مکمل معلومات موجود ہوں گی، مجوزہ سسٹم کو مکہ مکرمہ شہر کے داخلی اورخارجی راستوں کے علاوہ مشاعر مقدسہ، ہوئی اڈوں، حرمین شریفین کے دروازوں اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں حجاج کی رہائشی عمارتوں میں نصب کیا جائے گا تا کہ نگرانی کا عمل جامع انداز میں کیا جاسکے، وزارت حج و عمرہ نے ہدایت کی ہے کہ اس مقصد کے لیے فراہم کی جانے والی ٹیکنالوجی استعمال میں آسان ہو اور وہ دیگر سسٹم کے ساتھ باسانی ضم ہو کر بہتر طورپر کام کرسکے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزارت کی جانب سے جاری انتباہی بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺمیں آنے والے زائرین اپنا زیادہ وقت عبادت میں گزاریں ، راہداریوں اور صحن میں لیٹنا و آرام کرنا مناسب نہیں، راستوں پر لیٹنے یا سونے سے دیگر افراد کو دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس کی وجہ سے راستے بھی بند ہوجاتے ہیں جس سے راہدایوں میں جانے والوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر ان راستوں پر قطعی طورپر نہ بیٹھیں جو ہنگامی حالات میں استعمال کے لیے مخصوص ہیں ، دیگر زائرین کی سہولت کا بھی خیال رکھیں جو ان راستوں سے گزرتے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں