سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ صنعتی تعاون کی منظوری دیدی

وزیرصنعت معدنی ذخائر یا ان کے نائب کو پاکستان سے ہونے والے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی ذمہ داری تفویض کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اکتوبر 2024 15:05

سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ صنعتی تعاون کی منظوری دیدی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر 2024ء ) سعودی عرب کی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ صنعتی تعاون کی منظوری دیدی۔ سرکاری خبررساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں صنعتی شعبے میں تعاون کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے وزیر صنعت معدنی ذخائر یا ان کے نائب کو پاکستانی وزارت صنعت کے ساتھ ہونے والے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی ذمہ داری تفویض کردی۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سعودی کابینہ نے جازان میں ٹیکنیکل کالج کے قیام کی بھی منظوری دی، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کابینہ کو ایرانی وزیر خارجہ اور فرانسیسی وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے متعلق آگاہ کیا، کابینہ کو غزہ اور لبنان کی تازہ ترین صورتحال اور غزہ کے بحران کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کے علاوہ لبنان کی امداد کے لیے قائم کیے گئے فضائی پل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، کابینہ نے اقوام متحدہ کی تحت ہونے والی کانفرنس میں دہشت گردی کے روک تھام اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے جاری ہونے والے اعلامیہ کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کے اعلٰی سطح کے وفد نے سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا، سعودی عرب کا یہ خصوصی وفد 129 شخصیات پر مشتمل تھا، 9 سے 11 اکتوبر تک جاری رہنے والے سعودی وفد کے تین روزہ دورے کے دوران دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دی گئی، وفد نے سعودی پاک بزنس فورم کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔                               

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں