سعودی عرب میں خاتون سے چھیڑچھاڑ کرنے پر پاکستانی گرفتار

ملزم کے خلاف ابتدائی قانونی کارروائی کی گئی اور اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 دسمبر 2024 16:47

سعودی عرب میں خاتون سے چھیڑچھاڑ کرنے پر پاکستانی گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2024ء ) سعودی عرب میں عورت کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنے پر پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔ المرصد اخبار کے مطابق القاسم کے علاقے میں الراس گورنریٹ پولیس نے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا ہے، جس کی شناخت امین اللہ محمد حنیف کے نام سے ظاہر کی گئی، پاکستانی شہری کو ایک خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جس کو گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف ابتدائی قانونی کارروائی کی گئی اور اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں سعودی وزارت داخلہ نے مکہ مکرمہ کے علاقے میں ایک مجرم کے خلاف سزائے موت کے نفاذ کے حوالے سے بیان جاری کیا، جس میں بتایا کہ ایک پاکستانی شہری اختر منیر ظہیر کو سکیورٹی حکام نے گرفتار کیا، تحقیقات کے نتیجے میں اس پر منشیات سمگلنگ کا الزام لگایا گیا اور اسے مجاز عدالت میں بھیج دیا، جرم ثابت ہونے پر اس کے خلاف ایک حکم جاری کیا گیا جس میں اسے سزائے موت سنائی گئی، ملزم نے اس کے کاف اپیل کی تاہم سپریم کورٹ نے سزا برقرار رکھی جس کے بعد فیصلے کو نافذ کرنے کے لیے ایک شاہی حکم جاری کیا گیا اور مجرم اختر منیر ظہیر کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور منشیات کے سمگلروں اور ڈیلروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جارہی ہیں کیوں کہ منشیات کی وجہ سے معصوم جانوں کے ضیاع اور معاشرے میں سنگین بدعنوانی اور افراد کے حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، جو بھی ایسا کرے گا اسے قانونی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں