سعودی خاتون کی بدحواسی نے تین گاڑیوں کا نقصان کرا دیا

طائف میں سیر و تفریح کو آئی خاتون پارکنگ سے گاڑی ریورس کر رہی تھی جب اس کی دیگر دو گاڑیوں سے ٹکر ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 29 نومبر 2019 12:00

سعودی خاتون کی بدحواسی نے تین گاڑیوں کا نقصان کرا دیا
طائف(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2019ء) طائف کا شمار سعودی عرب کے پُرفضا اور صحت افزا مقامات میں ہوتا ہے۔ ہر سال یہاں پر لاکھوں مقامی اور غیر مُلکی سیاح تفریح کی غرض سے آتے ہیں۔ یہاں کا خوشگوار موسم اور خوبصورت و دلکش نظارے دیکھنے والوں پر ایک سحراور خماری سی طاری کر دیتے ہیں۔ جو یہاں آتے ہیں اُن کایہاں سے اتنی جلدی جانے کو دِل نہیں کرتا۔

لگتا ہے یہاں کی ٹھنڈی ٹھنڈی اور مست ہوا نے ایک سعودی خاتون پر بھی مستی طاری کر دی، جس نے اس مستی کی کیفیت میں نہ صرف اپنی گاڑی کا بلکہ دوسری گاڑیوں کا بھی اچھا خاصا نقصان کر ڈالا۔ سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق سیر و تفریح کی غرض سے آئی ایک سعودی خاتون طائف کی شبرا سٹریٹ پر واقع ایک بینک میں رقم نکلوانے کی غرض سے آئی ، اس نے اپنی گاڑی تو صحیح طریقے سے پارکنگ میں کھڑی کر لی، مگر جب گاڑی ریورس کر رہی تھی تو اس کے اناڑی پن نے مصیب کھڑی کر دی۔

(جاری ہے)

خاتون نے گاڑی ریورس کرتے وقت ایک نہیں، بلکہ دو گاڑیوں کو زوردار ٹکر مار دی، جس کی وجہ سے اس کی گاڑی کے ساتھ ساتھ دیگر گاڑیوں کا بھی اچھا خاصا کباڑا ہو گیا۔ اتفاق سے خاتون کی اس اناڑی ڈرائیونگ کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، تاہم جس بدحواسی کا مظاہرہ اس نے دورانِ ڈرائیونگ کیا تھا، اس سے اُس سمیت کسی اور کی بھی جان جا سکتی تھی۔

جن دیگر دو گاڑیوں کا نقصان ہوا، وہ بھی مقامی سیاح تھے اور سیر و تفریح کی خاطر طائف آئے تھے، تاہم خاتون کی اناڑی ڈرائیونگ نے نہ صرف ان کی تفریح برباد کر دی، بلکہ ان کی قیمتی گاڑیوں کا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا۔اس واقعے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں واضح رہے کہ گزشتہ سال 24 جُون 2018ء سے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد سے سعودی عرب میں ایسے درجنوں واقعات بھی پیش آئے ہیں جن میں حاد ثے کی ذمے دار مرد ڈرائیورز کی بجائے خواتین ڈرائیورز ہیں۔

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں