سعودی عرب میں کورونا کا مشتبہ مریض ہسپتال سے بھاگ نکلا

پورے خطے میں اس خبر نے خوف و ہراس پھیلا دیا، مریض کو تلاش کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 10 مارچ 2020 11:24

سعودی عرب میں کورونا کا مشتبہ مریض ہسپتال سے بھاگ نکلا
طائف(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مارچ 2020ء) سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد موثر انتظامات اور بہترین احتیاطی تدابیر کے باوجود بڑھتی ہی چلی جا رہی ہے۔ مملکت میں تمام سطح کی تعلیم وتدریس کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔ لوگوں نے سماجی تقریبات میں شرکت بند کر دی ہے۔ گزشتہ روز طائف کے علاقے میں اس وقت خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ جب المرصد کے علاقے کنگ فیصل میڈیکل کمپلیکس میں کورونا کے ایک مشتبہ مریض کو ٹیسٹ کی خاطر لایا گیا تھا۔

اُردو نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ مشتبہ مریض میڈیکل ٹیم کو اس وقت چکمہ دے کر بھاگ نکلا جب انہیں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا۔المرصد کے کنگ فیصل میڈیکل کمپلیکس میں اسے دیگر مریضوں سے الگ رکھ کرعلاج کیا جانا تھا۔محکمہ صحت کے مطابق طائف کے ہیلتھ سینٹر میں مقامی شہری کا ابتدائی طبی معائنہ کرلیا گیا تھا تو اس کے بارے میں شبہ ہوا کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اسے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ ہسپتال داخلے سے قبل ہی وہاں سے فرار ہو گیا۔ طائف کے محکمہ صحت کے ترجمان عبدالہادی الربیعی نے بتایا کہ’ سکیورٹی اداروں کے ساتھ اعلی سطح پر رابطہ کرلیا گیا ہے۔ مفرور مریض مزید معائنے کے لیے تیار نہیں تھا۔‘ الربیعی نے یہ بھی بتایا کہ ’لیبارٹری کے معائنوں سے پتہ چلا ہے کہ مقامی شہری کورونا وائرس سے پاک ہے۔

وہ فرار نہیں ہوا تھا ہسپتال سے گھر یہ کہہ کر چلا گیا تھا کہ اب اس کے کافی معائنے ہوچکے ہیں مزید طبی معائنے کے لیے وہ تیار نہیں۔محکمہ صحت کا کہناہے کہ’ تشویش کی کوئی بات نہیں۔ ہسپتال سے گھر جانے والا طائف کا شہری کورونا وائرس سے پاک ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل یمن میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب کورونا وائرس سے متاثرہ مریض ہسپتال سے بھاگ گیا۔

کرونا کے اس واحد مریض کونزلہ زکام کی شکایت کے بعد شُبے کے بنیاد پر المکلا شہر کے ہسپتال کے قرنطینہ شعبے میں منتقل کیا گیا، جہاں اس کے ٹیسٹ لینے کے بعد تصدیق ہوئی کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہو چکا ہے۔ ابن سینا ہسپتال میں زیر علاج اس مریض کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یہ ایک ملک سے واپس آیا تھا۔ جسے حالت بگڑنے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا اور پھر وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اس کا علاج شروع کیا گیا۔

تاہم قرنطینہ میں منتقل ہونے کے اگلے روز بعد ہی ہسپتال کے عملے کو صبح کے وقت پتا چلا کہ یہ مریض وہاں سے بھاگ گیاہے۔ موذی بیماری کے شکار اس مریض کے بھاگنے کی خبر نے عوام میں شدید تشویش اور پریشانی کی لہر دوڑا دی ہے۔ کیونکہ اس شخص کے عوامی مقامات اور لوگوں سے میل جول کے نتیجے میں مزید درجنوں افراد کرونا کا شکار ہو سکتے ہیں۔

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں