یورپ کے سب سے مصروف استنبول ائیرپورٹ کو پہلی مرتبہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا

شدید اور غیر متوقع برفانی طوفان نے ترکی کے سب سے بڑے شہر میں نظام زندگی مفلوج کر دیا

muhammad ali محمد علی منگل 25 جنوری 2022 20:13

یورپ کے سب سے مصروف استنبول ائیرپورٹ کو پہلی مرتبہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا
استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2022ء) یورپ کے سب سے مصروف استنبول ائیرپورٹ کو پہلی مرتبہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا، شدید اور غیر متوقع برفانی طوفان نے ترکی کے سب سے بڑے شہر میں نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ترکی کے کئی شہر شدید برفانی طوفان کی زد میں آگئے ہیں۔ اس طوفان کے باعث سب سے زیادہ استنبول شہر متاثر ہوا جہاں نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو گئی، شہر میں واقع یورپ کا سب سے مصروف ترین ائیرپورٹ بھی مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔



بتایا گیا ہے کہ 2019 میں آپریشنز کا آغاز کرنے کے بعد پہلی مرتبہ نئے استنبول ائیرپورٹ کو پروازوں کی آمد و رفت کیلئے مکمل طور پر بند کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ائیرپورٹ کی عمارت اور رن ویز برف میں مکمل طور پر چھپ چکے ہیں۔ استنبول ائیرپورٹ کے رن ویز پر بھی مسلسل برفباری سے برف کی موٹی تہہ جم گئی اور برف کے دباؤ سے ائیرپورٹ پر قائم گودام کی چھت گرگئی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ائیرپورٹ کے علاوہ استنبول میں شدید برفانی طوفان سے نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گئی، شہر میں ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ استنبول کے گورنر علی یرلی کایا کی جانب سے ٹریفک میں پھنسے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ گاڑیاں جہاں کہیں بھی پھنسی ہیں انہیں وہیں کھڑی کرکے چابیاں متعلقہ حکام کو دے دیں۔ برفباری کے بعد شہر کی مختلف شاہراہوں کو بند کر دیا گیا،شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند کی جا چکی۔ ترک میڈیا کے مطابق ترکی کے مغربی اور شمالی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے جو ملک کے دیگر حصوں کو متاثر کر رہی ہے، مختلف علاقوں میں برف کی سفید چادر بچھ گئی ہے۔

استنبول میں شائع ہونے والی مزید خبریں