ابو ظہبی:خاتون منگیتر کو واٹس ایپ پر Idiot کہنے پر نوجوان کو قید ہو گئی

عدالت نے نوجوان کو 20 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 دسمبر 2018 14:26

ابو ظہبی:خاتون منگیتر کو واٹس ایپ پر Idiot کہنے پر نوجوان کو قید ہو گئی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 دسمبر2018ء) عدالت نے ایک عرب نوجوان کو اپنی منگیتر کو واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغام میں idiot (عربی زبان میں حبلہ) کہنے پر دو ماہ قید کے علاوہ 20 ہزار درہم کے بھاری جرمانے کی سزا بھی سُنا دی ہے۔نوجوان کے مطابق اُس نے اپنی منگیتر کو یہ پیغام مذاقاً بھیجا تھا، اس کی توہین یا تضحیک کرنا مقصود نہیں تھا۔ مگر منگیتر نے اسے اپنی توہین خیال کرتے ہوئے مقامی عدالت میں اُس کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

عدالت میں پہلے بھی اس طرح کے کئی مقدمات سامنے آ چکے ہیں جن میں کسی نے اپنے جاننے والے کو واٹس ایپ پر مذاقاً کوئی پیغام بھیجا مگر دُوسری طرف موجود شخص نے اسے اپنی تذلیل خیال کرتے ہوئے پیغام بھیجنے والے کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کروا دی۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کے قوانین کے مطابق سوشل میڈیا پر کسی کی تضحیک پر مبنی یا شر انگیزی والا پیغام بھیجنا سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

ایسا کرنے والوں کو جیل کی ہوا کھانے کے علاوہ اڑھائی لاکھ درہم سے ایک لاکھ درہم تک کا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔ عدالت میں ایک اور ایسا معاملہ بھی پیش آیا جس میں ایک نوجوان نے اپنی واٹس ایپ لِسٹ میں شامل خاتون کو نامناسب ویڈیو کلپ بھیجا تھا۔ تاہم نوجوان نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ پیغام اُس نے غلطی سے بھیجا تھا۔ وہ ہر روز فجر کی نماز کے بعد لوگوں کو مذہبی ویڈیو کلپ روانہ کرتا تھا۔

تاہم وقوعہ کے روز اُس نے غلطی سے یہ نامناسب کلِپ بغیر دیکھ آگے بھیج دیا تھا۔ ایک اور معاملے میں پولیس نے ایک عرب شخص کو دھر لیا جو چھ مختلف خواتین کو نازیبا ویڈیوز اور تحریری پیغامات بھیجتا رہا تھا۔ اس شخص کا کہناتھا کہ اُس کا موبائل فون چوری ہو گیا تھا، کوئی اور شخص اس فون سے خواتین کو غلط قسم کے کلِپس اور پیغامات بھیجتا رہا ہے، جس کے لیے وہ قطعی طور پر ذمہ دار نہیں ہے۔ ایک ماہرِ قانون کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص جان بُوجھ کر خلاف قانون ویڈیو یا پیغام بھیجے یا ایسا حادثاتی طور پر ہو جائے، دونوں صورتوں میں اس پر سائبر کرائمز کے قانون کا اطلاق ہوتا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں