ابوظہبی:گاڑی سے کچرا باہر پھینکنے پر بھاری جرمانہ ہو گا

اس خلاف ورزی پر ایک ہزار درہم اور 6 بلیک پوائنٹس بھُگتنا ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 دسمبر 2018 13:27

ابوظہبی:گاڑی سے کچرا باہر پھینکنے پر بھاری جرمانہ ہو گا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13دسمبر2018ء ) پولیس نے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گاڑی سے کوئی کچرایا کھانے پینے کی چیز باہر نہ پھینکیں۔ اس خلافِ قانون حرکت کے مُرتکب افراد کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹریفک قوانین کے مطابق گاڑیوں سے کچرا حتیٰ کہ سگریٹ کا ٹکڑا باہر پھینکنے پر بھی ڈرائیور کو ایک ہزار درہم بطور جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ اُس کے لائسنس پر 6 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔

گاڑیوں سے صرف بڑی چیزیں پھینکنے پر ہی ممانعت نہیں بلکہ ٹشو پیپرز، ایلومینیم کینز اور سگریٹ کا ادھ جلا ٹُکڑا پھینکنے پر بھی قانون کی پکڑ ہو گی۔ پُورے امارات میں اس قسم کی حرکات پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ابو ظہبی ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیر احمد الصیحی نے بتایا کہ 2018ء کے پہلے تین ماہ کے دوران 85 افراد کو اس نوعیت کے جرائم پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ابو ظہبی پولیس ریاست کا صفائی ستھرائی والا امیج برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔ راہگیروں کے لیے بنے پُلوں پر تھُوک یا پان کی پیک پھینکنے پر بھی جرمانے کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ بہت سے غیر ذمہ دار ڈرائیور اور سواریاں اس قسم کی حرکتیں کر کے شہر کے امیج کو داغدار کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ ایسے لوگ کسی رُو رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں