ابوظہبی: سنٹرل بینک کے نام سے بھیجے گئے جعلی واٹس ایپ پیغام پر کلِک نہ کریں

واٹس ایپ پیغام پر کلِک کرنے سے موبائل میں موجود ڈیٹا چوری ہو سکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 20 دسمبر 2018 13:34

ابوظہبی: سنٹرل بینک کے نام سے بھیجے گئے جعلی واٹس ایپ پیغام پر کلِک نہ کریں
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20دسمبر2018ء ) متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ اُس کے نام سے کچھ دھوکا دہ عناصر وائرس زدہ واٹس ایپ پیغام بھیج رہے ہیں۔ ا س پیغام پر کلک کرنے سے ایک وائرس زدہ ویب سائٹ کھُل جاتی ہے ، جس کے باعث موبائل میں موجود ذاتی نوعیت کی معلومات چُرائی جا سکتی ہیں۔ یہ واٹس ایپ پیغام سنٹرل بینک کی جانب سے نہیں بھیجا گیا، بلکہ چند فراڈیئے عناصر عوام کے بینک اکاؤنٹس سے رقم ہتھیانے کی غرض سے ایسا کر رہے ہیں۔

لہٰذا ایسے پیغامات پر ہرگز کلِک نہ کریں تاکہ موبائل میں موجود ذاتی نوعیت کی معلومات کسی دُوسرے شخص تک نہ پہنچ پائیں۔ سنٹرل بینک کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے۔ نہ ہی اس کی جانب سے کسی فرد، تاجر یا ادارے کسی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے کوئی پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

آج کل سنٹرل بینک کے نام سے صارفین کو واٹس ایپ پر یہ پیغام بھیجا جا رہا ہے۔

’’معزز صارفین، آپ نے اپنے کوائف اپ ڈیٹ نہیں کی، اس لیے آپ کا ATM کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔ اگر آپ اپنے کارڈ کو دوبارہ فعال کرنا چاہتے ہیں تو پھر اس لِنک پر رابطہ کریں۔‘‘ سنٹرل بینک کے مطابق یہ پیغام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کا مقصد صارفین کو دھوکا دینا ہے۔ یہ فراڈیئے لوگ عوام کو دھوکا دینے کی غرض سے سنٹرل بینک یا دیگر قابلِ بھروسا ویب سائٹس کا استعمال کرتے ہیں۔ کئی سادہ لوح افراد ان کے جھانسے میں آکر کلِک کر دیتے ہیں جس کے بعد موبائل میں موجود اُن کے ذاتی کوائف، یُوزر نیم، پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ نمبرز اور دیگر معلومات چُرا لی جاتی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے کسی دھوکا دہی پر مبنی پیغام کی فوری طور پر اطلاع پولیس کو دی جائے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں