اماراتی سٹیڈیمز میں چند مخصوص اشیاء لے جانے پر پابندی

ممنوعہ اشیاء میں پالتو جانور، چھتریاں، سگریٹس اور اسلحہ بھی شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 دسمبر 2018 14:46

اماراتی سٹیڈیمز میں چند مخصوص اشیاء لے جانے پر پابندی
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21دسمبر2018ء ) امارات میں مقامی باشندوں کے علاوہ دیگر قوموں کے افراد بھی لاکھوں کی تعداد میں بستے ہیں۔ یہاں مقیم افراد کرکٹ، فٹ بال، ٹینس اور دیگر کھیلوں کے انتہائی درجہ شائق ہیں۔ کھیلوں کے دلدادہ افراد کے لیے امارات بھر میں درجنوں عالمی معیار کے عالیشان سٹیڈیمز بھی موجود ہیں۔امارات کے رہائشی ٹی وی سکرینوں سے چپکے رہنے کی بجائے سٹیڈیم میں لائیو میچز دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سٹیڈیمز سارا سال شائقین سے کھچا کھچ بھرے رہتے ہیں۔ خاص طور پر کرکٹ میچز کے انعقاد کے موقع پر دُنیا بھر سے لوگ صرف اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اِن ایکشن دیکھنے کے لیے ہی امارات کا ویزہ حاصل کرتے ہیں۔ برصغیر پاک و ہند کے لوگ کرکٹ دیکھتے نہیں، بلکہ اس کی پُوجا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم کئی منچلے جوش کی رو میں بہہ کر غلط حرکات بھی کر جاتے ہیں۔

اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اماراتی حکومت نے شائقین پر سٹیڈیم میں ایسی اشیاء ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے جن کے باعث شائقین ایک دوسرے کو نقصان نہ پہنچا سکیں یا میدان میں موجود کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کا باعث نہ بنیں۔ ابو ظہبی پولیس کی جانب سے ایسی اشیاء کی فہرست جاری کی گئی ہے جنہیں شائقین سٹیڈیمز میں اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے۔

اس فہرست میں لیزر پین، پالتو جانور، اُنگلیوں میں پہننے والا دھاتی آلہ، ادویات، چھتریاں، چاقو، سگریٹس، اسلحہ اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ یہ پابندی گزشتہ منگل کے روز فیفا کلب ورلڈ کپ کے سلسلے میں حضّہ بن زید سٹیڈیم میں ارجنٹائنی فٹ بال کل ریور پلیٹ اور اماراتی العین کے درمیان کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ میں ارجنٹائنی تماشائیوں کی جانب سے مشعلیں جلانے کے بعد لگائی گئی ہے۔ ارجنٹائنی شائقین کی اس حرکت سے نمٹنے میں سیکیورٹی اہلکاروں کو خاصی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ میچ العین نے جیت لیا تھا۔ اس سے قبل تیونس کے کلب اور العین کے مابین میچ میں بھی تیونسی باشندوں نے مشعلیں جلائی تھیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں