ابو ظہبی میں نئے سال کے موقع پر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد

یہ پابندی 31 دسمبر سے لے کر یکم جنوری 2019ء تک عائد رہے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 31 دسمبر 2018 12:28

ابو ظہبی میں نئے سال کے موقع پر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 دسمبر 2018ء) ابوظہبی میں نئے سال کی خوشیاں منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ آج رات لاکھوں مرد اور خواتین، بوڑھے، بچے اور جوان سڑکوں پر نکل کر نئے سال کا جشن منائیں گے۔ ایسے موقع پر اکثر سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔ اسی صورتِ حال کے پیش نظر ابو ظہبی کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2018ء سے لے کر یکم جنوری 2019ء تک ابو ظہبی میں ہیوی ٹریفک اور ٹرکوں کے شہر میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔

سوشل میڈیا کے آفیشل اکاؤنٹس پر بتایا گیا ہے کہ بھاری ٹریفک اور ٹرکوں کو شہر کے اندر داخل نہیں ہونے دیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل واقع نہ ہو اور نئے سال کا جشن منانے باہر نکلے شہریوں کو زحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ٹریفک اینڈ پٹرولز بریگیڈیئر خلیف محمد الخیلی نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد سالِ نو کے جشن کے موقع پر ٹریفک کی سیفٹی کو یقینی بنانا، ٹریفک کو رواں دواں رکھنا، اور حادثات کے رُونما ہونے کو روکنا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ نئے سال کے جشن کے موقع پر سڑکوں پر ٹریفک پولیس کا گشت بڑھا دیا جائے گا جبکہ اہم سڑکوں کی مؤثر طریقے سے نگرانی کی جائے گی۔ ڈرائیورز حضرات کو چاہیے کہ وہ خوشیاں مناتے وقت ہوش کا دامن ہاتھ سے نہ کھوئیں اور اپنی تمام تر توجہ ڈرائیونگ پر مرکوز رکھیں ۔ ٹریفک ضوابط کو نظر انداز نہ کریں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں