ابو ظہبی: میکا سنگھ کی رہائی ضمانت پر ہے، مقدمہ چلے گا: وکیل کا دعویٰ

میکا سنگھ پر برازیلی ماڈل نے نازیبا تصاویر بھیجنے کا الزام لگایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 جنوری 2019 16:39

ابو ظہبی: میکا سنگھ کی رہائی ضمانت پر ہے، مقدمہ چلے گا: وکیل کا دعویٰ
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری 2019ء) مشہور بالی وڈ پاپ سنگر میکا سنگھ کے وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ برازیلی ماڈل کو نازیبا تصویری میسج بھیجنے کے معاملے میں اُن کے مؤکل کی جان اب چھُٹی نہیں، اُنہیں صرف ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔ میکا سنگھ کی رہائی 18دسمبر 2018ء کو کی گئی تاکہ جب تک اُن پر الزام ثابت یا رد نہیں ہو جاتے وہ اپنے معمولات زندگی انجام دے سکیں اور دُنیا بھر میں اپنے کانسرٹس بھی جاری رکھ سکیں۔

وکیل کا دعویٰ تھا کہ میکا سنگھ کو اس معاملے میں غلط طور پر پھنسایا گیا ہے، وہ بالکل معصوم ہیں۔ میکا سنگھ کو 6 دسمبر 2018ء کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب 17 سالہ برازیلی ماڈل نے پولیس اسٹیشن میں اُن کے خلاف شکایت درج کرائی تھی کہ میکا سنگھ نے اُسے کے واٹس ایپ پر غلط قسم کی تصویریں بھیجی ہیں اور ساتھ میں یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ اُسے بالی وڈ کی کسی فلم میں اہم رول دلائے گا۔

(جاری ہے)

اگرچہ 6 دسمبر 2018ء کی رات کو ہی اُنہیں ریلیز کر دیا گیا تاہم 7 دسمبر کو اُنہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ اگرچہ میکا سنگھ کو دُبئی میں گرفتار کیا گیا تھاتاہم اُن کے خلاف مقدمہ درج کرانے والی برازیلی ماڈل کو ابو ظہبی کا ویزہ جاری ہوا تھا اس لیے میکا سنگھ کو ابو ظہبی منتقل کر دیا گیا تھا۔ میکا سنگھ کے وکیل علی غُما نے مزید کہا کہ میرے مؤکل نے کوئی بڑا جُرم نہیں کیا۔

اسی لیے اُسے فی الحال ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ کیونکہ قید میں ہونے کے باعث اُس کے دُنیا بھر میں جو کنسرٹس ہونے تھے، اُن کے کینسل ہونے سے اُسے کروڑوں کا نقصان ہو رہا تھا۔ میکا سنگھ کو اس گارنٹی پر رہا کیا گیا ہے کہ جب بھی استغاثہ کی جانب سے تفتیش کے لیے اُسے بُلایا جائے گا وہ ابو ظہبی پہنچے گا۔ وکیل کا مزید کہنا تھا کہ میکا سنگھ بین الاقوامی شہرت کا مالک ہے اسی لیے کچھ لوگ اُسے بلیک میل کرنے کی خاطر اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرتے ہیں تاکہ اُس سے بھاری رقم وصول کی جا سکے۔ برازیلی ماڈل نے بھی یہی طریقہ کار اپنایا۔ تاہم جب میکاسنگھ اُس کے جھانسے میں نہ آیا تو اُس نے اپنی ناکامی کا بدلہ اُس کے خلاف پولیس میں جھوٹا مقدمہ درج کروا کے لے لیا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں