امارات ویزہ ایمنسٹی سکیم بہت کامیاب رہی

تارکین پر عائد کروڑوں درہم کے جرمانے معاف کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 جنوری 2019 12:36

امارات ویزہ ایمنسٹی سکیم بہت کامیاب رہی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جنوری 2019ء) امارات میں 31 دسمبر 2018ء کی رات کو ویزہ ایمنسٹی سکیم کا اختتام ہو گیا۔ پانچ ماہ تک جاری رہنے والی اس سکیم سے ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن نے فائدہ اُٹھا کر اپنے سٹیٹس کو نہ صرف قانونی حیثیت دِلوائی بلکہ ساتھ ہی ساتھ خود پر عائد بھاری جرمانے بھی معاف کروا لیے۔ ’’اپنا سٹیٹس بدلوا کر خود کو محفوظ بنائیں‘‘ نام کی اس ایمنسٹی سکیم نے ہزاروں پریشان تارکین وطن کی زندگی میں خوشیاں بھر دیں۔

اس سکیم میں امارات میں مقیم ایسے غیر مُلکیوں کورعایت دی گئی تھی جنہیں ویزے کی مُدت سے زائد قیام پر بھاری جرمانوں کا سامنا تھا یا پھر قانونی معاملات میں اُلجھے ہوئے تھے۔ فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ نے اپنے ایک جاری کردہ پیغام میں بتایا کہ اس سکیم سے 88فیصد افراد نے فائدہ اُٹھایا۔

(جاری ہے)

یہ سکیم یکم اگست 2018ء کو شروع ہوئی تھی جسے 31 اکتوبر 2018ء کو اختتام پذیر ہو جانا تھا، تاہم بعد میں اس کی مُدت میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی۔

اس کے بعد نیشنل ڈے کے جشن کے موقع پر مزید ایک ماہ کی اور توسیع کر دی گئی۔ جس کا اختتام 31 دسمبر 2018ء کو ہو گیا۔ اس سکیم کی بدولت غیر قانونی تارکین وطن کو مزید چھے ماہ کا ویزہ مِل گیا ہے، تاکہ وہ اس دوران اپنے لیے مناسب نوکری تلاش کر سکیں۔ یا پھر باعزت طریقے سے بہت معمولی رقم ادا کر کے وطن واپس جا سکتا ہے۔اس سکیم سے تین طرح کے غیر مُلکیوں نے فائدہ اُٹھایا ہے۔

پہلے نمبر پروہ کارکن اور فیملیاں ہیں جن کا رہائشی ویزہ زائد المعیاد ہو چکا تھا، دُوسرے نمبر پر وہ لوگ تھے جووِزٹ ویزہ پر آئے، مگر مُدت سے زائد قیام پر اُن پر بھاری جرمانہ عائد ہوا، جبکہ تیسرے نمبر پر وہ لوگ تھے جو مملکت میں ویزہ کے بغیر غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تھے۔اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ایمنسٹی سکیم کی مُدت کے خاتمے کے بعد مملکت میں کوئی بھی غیر مُلکی غیر قانونی طور پر مقیم پایا گیا تو اُسے بھاری جرمانے اور قید کی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں